حکومت کا سپر ٹیکس مکمل ختم کرنے کا فیصلہ، مرحلہ وار خاتمے پر کام شروع

کراچی: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ حکومت سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنا چاہتی ہے، ابتدائی طور پر اس کی شرح میں 2 فیصد کمی کی گئی تھی جبکہ اب اسے مرحلہ وار ختم کرنے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین ایف بی آر نے اعلان کیا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کاروں کے ٹیکس سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے کاٹی میں ایک دفتر قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خام مال کی درآمد میں درپیش مشکلات اور خامیوں کے خاتمے کے لیے متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جائے گی، جبکہ ایف بی آر ہیلپ ڈیسک کا دائرہ کراچی سے بڑھا کر سکھر تک وسیع کیا جائے گا۔
راشد محمود لنگڑیال کے مطابق چمڑے کی صنعت کو سرحدی تجارت کے حوالے سے درپیش مسائل حل کرنے کے لیے بھی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ادویہ ساز صنعت کے ساتھ مل کر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی طرز کا نظام متعارف کرانے پر کام کیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ادارے کا مقصد ٹیکس نظام کو بہتر بنانا اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں اور تاجروں پر زور دیا کہ وہ ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کے لیے ایف بی آر کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جاسکے۔



