پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ 13 ہزار 900 روپے مہنگا

کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی سامنے آگئے، جہاں فی تولہ سونا 13 ہزار 900 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 26 ہزار 36 روپے کا ہوگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 11 ہزار 917 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 65 ہزار 257 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 139 ڈالر اضافے سے 4 ہزار 35 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی سطح پر اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.9 فیصد اضافے سے 4 ہزار 40.15 ڈالر فی اونس جبکہ دسمبر کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 2.8 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 49 ڈالر فی اونس ہوگئے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت دوبارہ 4 ہزار ڈالر فی اونس کی نفسیاتی حد سے تجاوز کرگئی، جبکہ 30 اکتوبر کو یہ قیمت کم ہوکر 3 ہزار 869.85 ڈالر کی سطح پر آگئی تھی، جو اکتوبر 2025 کے بعد کم ترین سطح تھی۔
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد امریکی ڈالر ایک ماہ سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آگیا، جس سے دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے ڈالر میں قیمت والا سونا نسبتاً سستا ہوگیا اور عالمی طلب میں اضافہ ہوا۔
سرمایہ کار امریکی نان فارم پے رولز رپورٹ کے منتظر ہیں، جس سے امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود سے متعلق پالیسی کے اشارے ملنے کی توقع ہے۔ شرح سود سے متعلق توقعات بھی سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہونے والے اہم عوامل میں شامل ہیں۔
انٹرایکٹو کموڈیٹیز کے ڈائریکٹر عدنان آگر نے کہا کہ امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی سمیت مختلف عوامل کے باعث سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق ایران جنگ میں غیر یقینی صورتحال اور ممکنہ جنگ بندی بھی قیمتی دھات کی آئندہ قیمتوں کا تعین کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں استحکام کے لیے 4 ہزار 150 ڈالر فی اونس کی سطح عبور کرنا ضروری ہے، جبکہ قیمت 3 ہزار 970 ڈالر سے نیچے آنے کی صورت میں سونے پر دوبارہ دباؤ بڑھ سکتا ہے۔



