column and articlelatest news

تنویر نقوی ’’جانِ بہاراں، رشکِ چمن‘‘ اپنے عہد کا عظیم گیت نگار

خالد منصور

بھارتی اور پاکستانی فلمی موسیقی میں یکساں شہرت کے حامل تنویر نقوی کی گزشتہ روز 54 ویں برسی تھی۔ بعض لوگ دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں، مگر ان کے دلوں پر ایسے نقش چھوڑ جاتے ہیں جنہیں وقت کی گرد بھی دھندلا نہیں پاتی۔ ان کی آواز خاموش ہو جاتی ہے، لیکن ان کے تخلیق کردہ اشعار نسل در نسل دلوں میں گونجتے رہتے ہیں۔ تنویر نقوی بھی ایسے ہی خوش نصیب اہلِ قلم میں شامل تھے جنہوں نے لفظوں کو محض اظہار کا وسیلہ نہیں بنایا بلکہ انہیں جذبوں کی زبان، محبت کی ترجمانی اور انسانی احساسات کی تصویروں میں ڈھال دیا۔ وہ بلاشبہ اپنے عہد کے بڑے قادرالکلام شاعر اور گیت نگار تھے۔ ان کے ہاں لفظ اپنی معنوی خوب صورتی کے ساتھ ساتھ ایک خاص موسیقیت بھی رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے لکھے ہوئے گیت آج بھی سماعتوں کو اپنی طرف کھینچتے اور دلوں میں احساس کی نئی شمع روشن کرتے ہیں۔
تنویر نقوی کی شخصیت اور فن کا ایک دلچسپ پہلو ان کی غیر معمولی برجستگی اور زودگوئی تھی۔ وہ کسی خیال کو شعری پیکر میں ڈھالنے کے لیے طویل غور و فکر کے محتاج نہیں تھے۔ ایک معمولی سا واقعہ بھی ان کے تخلیقی ذہن میں گیت کی صورت اختیار کر لیتا تھا۔ 1970 کا واقعہ ہے کہ جب وہ لاہور کے ایورنیو سٹوڈیوز میں اداکار آغا طالش کے ساتھ ایک زیرِ تکمیل فلم کی کہانی پر گفتگو کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک خاتون قریب سے گزریں۔ آغا طالش نے پوچھا کہ یہ کون تھیں؟ تنویر نقوی نے خاتون کا نام دریافت کرنے کے لیے ابھی لب کھولے ہی تھے کہ وہ سٹوڈیو کے ایک کمرے میں داخل ہوگئیں۔ نام پوچھنے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا، لیکن اس مختصر سے لمحے میں ان کے ذہن نے ایک مکمل گیت تخلیق کر لیا:

’’کس نام سے پکاروں، کیا نام ہے تمہارا
کیوں تم کو دیکھتے ہی دل کھو گیا ہمارا‘‘

یہ گیت بعدازاں ہدایت کار ریاض شاہد کی تاریخی فلم ’’غرناطہ‘‘ (1971ء) کا حصہ بنا۔ موسیقار اے حمید کی دل نشیں دھن اور ملکۂ ترنم نورجہاں کی سحر انگیز آواز نے اسے فلمی موسیقی کا یادگار نغمہ بنا دیا۔اداکارہ روزینہ پر فلمائے گئے اس گیت کی مقبولیت اس بات کا ثبوت تھی کہ تنویر نقوی معمولی سے معمولی وارداتِ قلب کو بھی ایسا شعری لباس پہنا سکتے تھے جو سامع کے اپنے احساسات کا ترجمان بن جائے۔

6 فروری 1919ء کو لاہور میں جنمے تنویر نقوی کا اصل نام سید خورشید علی نقوی تھا۔ ان کے والد سید سعد علی نقوی کا تعلق ایران کے شہر آبادان سے تھا۔ وہ ہجرت کرکے لاہور آئے اور اندرونِ بھاٹی دروازہ، کوچہ فقیر میں سکونت اختیار کی۔ ان کے والد فارسی اور اردو کے شاعر تھے، جبکہ بڑے بھائی نوا نقوی بھی شعر و ادب سے گہرا شغف رکھتے تھے۔ یوں تنویر نقوی کو بچپن ہی سے ایک ایسے علمی اور ادبی ماحول میں پرورش پانے کا موقع ملا جہاں لفظوں کی قدر، شعر کی لطافت اور زبان کی نزاکت روزمرہ زندگی کا حصہ تھی۔

اسی ماحول نے ان کے اندر شعر کہنے کا ذوق پیدا کیا۔ انہوں نے تقریباً پندرہ برس کی عمر میں شاعری شروع کی اور ابتدا میں نظم کی طرف زیادہ مائل رہے۔ اردو اور فارسی دونوں زبانوں سے ان کی واقفیت نے ان کے اسلوب کو وسعت عطا کی۔ 1938ء میں ہدایت کار نذیر کی فلم ’’شاعر‘‘ کے لیے گیت لکھ کر انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ 1940ء میں ان کا پہلا شعری مجموعہ ’’سنہرے سپنے‘‘ شائع ہوا۔ یہ مجموعہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کا ابتدائی تعارف تھا۔ معروف فلم ساز و ہدایت کار عبدالرشید کاردار کی نظر سے جب یہ مجموعہ گزرا تو انہوں نے نوجوان شاعر کو بمبئی آنے کی دعوت دی۔ اس دعوت نے تنویر نقوی کے لیے فلمی گیت نگاری کی ایک نئی دنیا کے دروازے کھول دیے۔

تنویر نقوی کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے مختلف روایات ملتی ہیں۔ سوانح نگار آفتاب احمد کے مطابق انہوں نے تین شادیاں کیں۔ پہلی شادی بمبئی کی فلمی اداکارہ مایا دیوی سے ہوئی جو علیحدگی پر ختم ہوئی۔ دوسری شادی ملکۂ ترنم نورجہاں کی بڑی بہن عیدن بائی سے ہوئی، جو تقریباً چودہ برس قائم رہی، تاہم یہ رشتہ بھی طلاق پر منتج ہوا۔ ان کی تیسری شادی خاندان کی سیدہ تسنیم نقوی سے ہوئی۔ اس ازدواجی زندگی سے دو بیٹیوں اور ایک بیٹے سید شہباز تنویر نقوی کا ذکر ملتا ہے۔ شہباز تنویر نقوی نے بھی والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شاعری اور نغمہ نگاری کو اختیار کیا اور اپنا شعری مجموعہ ’’اجالا‘‘ شائع کیا۔

تنویر نقوی کی گیت نگاری کا سفر تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔ پہلا دور متحدہ ہندوستان کی فلمی صنعت سے وابستگی کا ہے، جہاں ان کی صلاحیتوں کو پہلی مرتبہ وسیع پیمانے پر پذیرائی ملی۔ انہوں نے فلم ’’سوامی‘‘ (1941ء)، ’’نئی دنیا‘‘ (1942ء) اور ’’لیلیٰ مجنوں‘‘ (1945ء) سمیت متعدد فلموں کے لیے گیت لکھے، لیکن انہیں غیر معمولی شہرت 1946ء میں ہدایت کار محبوب خان کی فلم ’’انمول گھڑی‘‘ سے حاصل ہوئی۔

یہ فلم برصغیر کی فلمی موسیقی کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ موسیقار نوشاد کی ترتیب دی ہوئی دھنوں پر تنویر نقوی کے لکھے ہوئے گیت ’’آواز دے کہاں ہے‘‘، ’’جواں ہے محبت، حسیں ہے زمانہ‘‘ اور ’’آ جا میری برباد محبت کے سہارے‘‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ ’’آواز دے کہاں ہے‘‘ نورجہاں اور سریندر کی آوازوں میں ریکارڈ ہوا، جب کہ دیگر دونوں نغموں کو نورجہاں نے اپنی آواز دی۔

ان گیتوں کی مقبولیت نے تنویر نقوی کو فلمی دنیا میں ایک ممتاز مقام عطا کیا۔ ان کے الفاظ میں محبت کی کسک، انتظار کی شدت، جوانی کا سرور اور جدائی کا کرب اس خوب صورتی سے یکجا ہوتے تھے کہ سننے والا خود کو ان کی کیفیت کا حصہ محسوس کرنے لگتا تھا۔

تقسیمِ ہند کے بعد تنویر نقوی لاہور واپس آگئے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب پاکستان کی نئی فلمی صنعت اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہی تھی۔ وسائل کی کمی، تکنیکی مشکلات اور تربیت یافتہ افراد کی قلت کے باوجود فنکاروں اور تخلیق کاروں کا ایک گروہ نئی قومی فلمی شناخت تشکیل دینے میں مصروف تھا۔ تنویر نقوی نے اس سفر میں اپنے قلم کے ذریعے اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی پہلی فلم ’’تیری یاد‘‘ 7 اگست 1948ء کو نمائش کے لیے پیش ہوئی۔ اس فلم کے لیے انہوں نے ’’کیا یاد سہانی آئی‘‘ اور ’’او تیری یاد آئے‘‘ جیسے گیت لکھے۔ یہ محض دو فلمی نغمے نہیں تھے بلکہ ایک نئی فلمی صنعت کے تخلیقی سفر میں ان کی شرکت کا اعلان بھی تھے۔

1949ء میں فلم ’’سچائی‘‘ کے لیے موسیقار جی اے چشتی کے ساتھ ان کا اشتراک سامنے آیا۔ اس فلم کے گیت ’’یہ ظالم زمانہ، نہ تیرا نہ میرا‘‘ اور ’’بھولنے والا بھول گیا تو میری وفائیں، اپنی جفائیں‘‘ نے سامعین کی توجہ حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ’’جہاد‘‘، ’’کندن‘‘، ’’جدائی‘‘ اور ’’انوکھی داستان‘‘ (1950ء)، ’’غیرت‘‘ اور ’’پنجرہ‘‘ (1951ء)، ’’بھیگی پلکیں‘‘ (1952ء) اور ’’آواز‘‘، ’’محبوبہ‘‘، ’’آغوش‘‘ اور ’’گلنار‘‘ (1953ء) کے لیے گیت تخلیق کیے۔

فلم ’’جہاد‘‘ کا نغمہ ’’اے رات کے مسافر، پل بھر تو دم لے لے‘‘ زینت بیگم کی آواز میں مقبول ہوا، جب کہ ’’گلنار‘‘ میں ماسٹر غلام حیدر کی موسیقی اور نورجہاں کی آواز میں ان کا گیت ’’سکھی ری نہیں آئے، سجنوا مور‘‘ سامعین میں پسند کیا گیا۔ اس دور میں انہوں نے پنجابی فلموں ’’مندری‘‘ (1949ء) اور ’’شمی‘‘ (1950ء) کے لیے بھی گیت لکھے۔ اس طرح وہ اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں فلمی نغمہ نگاری کرنے والے نمایاں شاعروں میں شمار ہونے لگے۔

پچاس کی دہائی کے وسط میں تنویر نقوی ایک مرتبہ پھر بمبئی چلے گئے۔ اس مرتبہ معروف ہدایت کار کے آصف نے انہیں اپنی تاریخی فلم ’’مغلِ اعظم‘‘ کے لیے گیت لکھنے کی دعوت دی تھی۔ فلمی تذکروں کے مطابق انہوں نے اس فلم کے لیے دو گیت تحریر کیے، لیکن موسیقار نوشاد اور گیت نگار شکیل بدایونی سے متعلق اختلافات کے باعث وہ اس منصوبے سے الگ ہوگئے۔ تاہم ان کے لکھے ہوئے گیت ضائع نہیں ہوئے اور بعدازاں دوسری فلموں میں شامل کیے گئے۔

ان میں ’’کہاں تک سنو گے، کہاں تک سناؤں‘‘ قابلِ ذکر ہے، جو پاکستانی فلم ’’انارکلی‘‘ (1958ء) میں شامل ہوا۔ دوسرا گیت ’’گزرا ہوا زمانہ آتا نہیں دوبارہ‘‘ تھا، جسے موسیقار ایس مہندر نے لتا منگیشکر کی آواز میں بھارتی فلم ’’شیریں فرہاد‘‘ (1956ء) کے لیے ریکارڈ کیا۔

بمبئی میں قیام کے دوران تنویر نقوی نے متعدد فلموں کے لیے گیت لکھے۔ مدھوبالا کی فلم ’’ناتا‘‘ (1955ء) کا نغمہ ’’اس بے وفا جہاں کا دستور ہے پرانا‘‘ لتا منگیشکر کی آواز میں مقبول ہوا۔ اس کے علاوہ ’’علاءالدین کا بیٹا‘‘، ’’شہزادہ‘‘، ’’کارواں‘‘، ’’سلطانِ عالم‘‘، ’’شیریں فرہاد‘‘ اور ’’پاتال پری‘‘ جیسی فلمیں بھی ان کے تخلیقی سفر کا حصہ بنیں۔ فلم ’’شیریں فرہاد‘‘ میں محمد رفیع کا گایا ہوا گیت ’’ہزاروں رنگ بدلے گا زمانہ‘‘ بھی ان کی تخلیق تھا۔

یہ دور اس اعتبار سے اہم تھا کہ تنویر نقوی نے سرحدوں اور جغرافیائی تقسیم سے بالاتر ہوکر برصغیر کی فلمی موسیقی میں اپنا مقام برقرار رکھا۔ ان کی شاعری کی قبولیت اس بات کا ثبوت تھی کہ اچھا فن کسی ایک خطے یا زبان کا پابند نہیں ہوتا۔

بمبئی سے پاکستان واپسی کے بعد تنویر نقوی کی گیت نگاری کا سب سے زرخیز دور شروع ہوا۔ ان کے فلمی سفر کا یہ مرحلہ اردو اور پنجابی فلمی موسیقی کے کئی لازوال گیتوں سے عبارت ہے۔1958ء میں ہدایت کار انور کمال پاشا کی فلم ’’انارکلی‘‘ کے لیے ان کے لکھے ہوئے گیت ’’کہاں تک سنو گے، کہاں تک سناؤں‘‘ اور ’’جلتے ہیں ارمان، میرا دل روتا ہے‘‘ رشید عطرے کی موسیقی اور نورجہاں کی آواز میں مقبول ہوئے۔

1959ء میں خواجہ خورشید انور کی فلم ’’جھومر‘‘ کے لیے ناہید نیازی کی آواز میں ’’چلی رے چلی رے، میں تو دیس پیا کے چلی رے‘‘ نے مقبولیت حاصل کی۔ اسی برس فلم ’’کوئل‘‘ کے لیے ان کے لکھے ہوئے گیت ’’دل کا دیا جلایا‘‘، ’’مہکی فضائیں، گاتی ہوائیں‘‘ اور نورجہاں و منیر حسین کا دوگانا ’’رم جھم رم جھم پڑے پھوار‘‘ بھی سامعین میں بے حد پسند کیے گئے۔

اس کے بعد ’’سلمیٰ‘‘ (1960ء) کا ’’زندگی ہے یا کسی کا انتظار‘‘، ’’ایاز‘‘ (1960ء) کا ’’رقص میں ہے سارا جہاں‘‘، ’’موسیقار‘‘ (1962ء) کا ’’گائے گی دنیا گیت میرے‘‘ اور ’’شہید‘‘ (1962ء) کا ’’نقاب جب اٹھایا، شباب رنگ لایا‘‘ ان کی مشہور تخلیقات میں شامل ہوئے۔

فلم ’’عذرا‘‘ (1962ء) کے لیے ماسٹر عنایت حسین کی موسیقی میں سلیم رضا کا گایا ہوا ’’جانِ بہاراں، رشکِ چمن‘‘ بھی ان کی شاعری کا ایک خوب صورت نمونہ ہے۔ اس گیت میں فارسی آمیز اردو کی لطافت اور الفاظ کی موسیقیت نمایاں ہے۔ 1964ء میں خواجہ خورشید انور کی فلم ’’چنگاری‘‘ کے لیے مہدی حسن نے ان کا گیت ’’اے روشنیوں کے شہر بتا‘‘ گایا، جس نے ان کی شاعری کے ایک اور رنگ کو متعارف کرایا۔

تنویر نقوی کی پنجابی گیت نگاری بھی ان کے فن کا اہم حوالہ ہے۔ فلم ’’اَت خدا دا ویر‘‘ (1970ء) کے لیے ان کے لکھے ہوئے ’’گندلاں دا ساگ تے مکھن مکئی‘‘ اور ’’جدوں ہولی جئی لینا میرا ناں‘‘ آج بھی پنجابی فلمی موسیقی کے یادگار نغموں میں شمار ہوتے ہیں۔ اسی طرح فلم ’’دنیا پیسے دی‘‘ (1971ء) کا گیت ’’چل چلیے دنیا دی اُس نُکرے‘‘ ان کی پنجابی زبان پر گرفت اور لوک رنگ سے قربت کا مظہر ہے۔

ان کے آخری برسوں میں فلم ’’افسانہ‘‘ (1970ء) کا ’’یوں کھو گئے تیرے پیار میں ہم‘‘، فلم ’’دوستی‘‘ (1971ء) کا ’’چٹھی ذرا سیاں جی کے نام لکھ دے‘‘ اور فلم ’’غرناطہ‘‘ (1971ء) کا ’’کس نام سے پکاروں، کیا نام ہے تمہارا‘‘ مقبول ہوئے۔ ان گیتوں نے ثابت کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی تخلیقی صلاحیت میں کمی نہیں آئی تھی بلکہ ان کا تجربہ اور مشاہدہ ان کی شاعری کو مزید نکھارتا چلا گیا تھا۔

تنویر نقوی کی شخصیت کو صرف رومانوی اور فلمی گیتوں تک محدود کرنا ان کے فن کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے نعتیہ اور ملی شاعری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ ان کی نعتیہ شاعری کا نمایاں نمونہ فلم ’’ایاز‘‘ (1960ء) کی نعت ’’جو نہ ہوتا تیرا جمال ہی‘‘ ہے، جس میں انہوں نے عربی درودیہ کلمات ’’صلّوا علیہ وآلہ‘‘ کو اردو مصرعوں کے ساتھ بڑی خوب صورتی سے ہم آہنگ کیا۔ زبیدہ خانم نے اسے ساتھی گلوکاروں کے ہمراہ گایا۔

فلم ’’نورِ اسلام‘‘ (1957ء) کی معروف نعت ’’شاہِ مدینہ، یثرب کے والی‘‘ بھی بعض سوانحی تذکروں میں تنویر نقوی سے منسوب کی جاتی ہے، تاہم بعض فلمی ریکارڈز میں اس کے شاعر کا نام نعیم ہاشمی درج ہے۔ اس نسبت کے حوالے سے اختلاف کے باوجود یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ تنویر نقوی نے نعتیہ شاعری میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ریڈیو پاکستان لاہور نے ان کا تحریر کردہ ملی نغمہ ’’رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو‘‘ ملکۂ ترنم نورجہاں کی آواز میں ریکارڈ کیا۔ یہ محض ایک جنگی نغمہ نہیں تھا بلکہ ایک ایسی شاعرانہ دستاویز تھی جس میں قومی احساسات کو اجتماعی آواز عطا کی گئی۔ نورجہاں کی پُراثر آواز اور ریڈیو پاکستان کی نشریات نے اسے گھر گھر پہنچا دیا۔ یوں تنویر نقوی کی شاعری نے محبت کے نازک جذبوں سے لے کر وطن کی محبت اور قربانی کے عظیم احساس تک ہر کیفیت کو اپنے اندر سمو لیا۔

تنویر نقوی کی شاعری کا سب سے بڑا وصف زبان پر ان کی غیر معمولی گرفت، الفاظ کا موزوں انتخاب اور غیر معمولی غنائیت ہے۔ ان کے عہد میں فلمی گیتوں پر ہندی، برج بھاشا اور پوربی زبانوں کے اثرات نمایاں تھے، لیکن انہوں نے اردو کے فطری محاورے، فارسی آمیز تراکیب اور ادبی لطافت کو بھی فلمی شاعری میں بڑی کامیابی سے برتا۔

ان کے ہاں زبان محض اظہار کا وسیلہ نہیں بلکہ موسیقی کا ایک بنیادی جزو بن جاتی ہے۔ وہ جانتے تھے کہ کس جذبے کے لیے کون سا لفظ موزوں ہوگا، کس مصرعے میں کس آواز کی تکرار گیت کو دل نشیں بنائے گی اور کہاں سادگی، پیچیدگی سے زیادہ اثر پیدا کرسکتی ہے۔

’’آواز دے کہاں ہے‘‘ اور ’’کس نام سے پکاروں‘‘ جیسے گیتوں میں سادہ، رواں اور عام فہم اردو ملتی ہے، جب کہ ’’جانِ بہاراں، رشکِ چمن‘‘ میں فارسی الاصل الفاظ اور ادبی تراکیب کی فراوانی دکھائی دیتی ہے۔ اسی طرح پنجابی گیتوں میں انہوں نے مقامی تہذیب، دیہی زندگی، محبت اور لوک روایت کے رنگوں کو اس خوب صورتی سے سمویا کہ ان کے نغمے عوامی حافظے کا حصہ بن گئے۔

ان کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ گیت کو محض قافیوں اور بحروں کا مجموعہ نہیں سمجھتے تھے۔ وہ فلم کی کہانی، کردار کی نفسیات، منظر کی کیفیت اور موسیقی کے آہنگ کو پیش نظر رکھتے ہوئے الفاظ کا انتخاب کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے گیتوں میں شاعری، موسیقی اور ڈرامائی ضرورت ایک دوسرے سے ہم آہنگ نظر آتی ہیں۔

زندگی کے آخری برسوں میں تنویر نقوی کی گہری دوستی اور تخلیقی رفاقت ہدایت کار ریاض شاہد کے ساتھ رہی۔ دونوں نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا اور ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا۔ اتفاق دیکھیے کہ ریاض شاہد یکم اکتوبر 1972ء کو دنیا سے رخصت ہوئے اور ٹھیک ایک ماہ بعد یکم نومبر 1972ء کو تنویر نقوی بھی لاہور میں انتقال کر گئے۔ اس وقت ان کی عمر صرف 53 برس تھی۔ انہیں لاہور کے تاریخی میانی صاحب قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

ان کی وفات سے اردو اور پنجابی فلمی شاعری کا ایک اہم باب اختتام پذیر ہوگیا، لیکن ان کے تخلیق کردہ گیتوں نے انہیں زندہ رکھا۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں تین مرتبہ نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

تنویر نقوی کی تخلیقی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے گیت اپنے عہد کے مقبول نغمے ہونے کے باوجود وقت کی قید سے آزاد ہیں۔ آج بھی جب نورجہاں کی آواز میں ’’آواز دے کہاں ہے‘‘ گونجتا ہے تو محبت اور انتظار کی ایک پوری دنیا آنکھوں کے سامنے آجاتی ہے۔ جب ’’رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو‘‘ سماعتوں سے ٹکراتا ہے تو قربانی اور قومی عزم کے جذبات تازہ ہوجاتے ہیں، اور جب ’’گندلاں دا ساگ تے مکھن مکئی‘‘ سنائی دیتا ہے تو پنجاب کی مٹی، اس کی خوشبو اور اس کی ثقافت اپنے تمام رنگوں کے ساتھ محسوس ہونے لگتی ہے۔

ان کا فلم ’’موسیقار‘‘ (1962ء) کے لیے لکھا ہوا گیت ’’گائے گی دنیا گیت میرے‘‘ بھی ان کی فنی شخصیت کا ایک خوب صورت تعارف ہے۔ نورجہاں کی آواز میں یہ گیت اس زمانے میں بے حد مقبول ہوا۔ اس میں شاعر نے اپنے ارمانوں میں سریلے انگ اور نرالے رنگ بھرنے کی بات کی تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ الفاظ ان کی اپنی شاعری پر بھی پوری طرح صادق آتے ہیں۔ انہوں نے اپنے گیتوں میں انسانی جذبات کے ایسے رنگ بھرے جو آج بھی اپنی تازگی اور تاثیر برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

ان کی وفات کو 54 برس گزر چکے ہیں، مگر ان کے گیتوں کی بازگشت اب بھی سنائی دیتی ہے۔ ان کا قلم خاموش ہوچکا ہے، لیکن ان کے لفظ آج بھی گاتے ہیں۔ شاید یہی کسی شاعر اور گیت نگار کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button