latest newsPakistan

لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

رپورٹ: مبشرحسن

وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس ڈاکٹر انور لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے، وہ وفاقی شرعی عدالت کی لاہور رجسٹری میں ایک ہفتے تک عدالتی امور انجام دیں گے۔ عدالت لگانے سے قبل چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت ڈاکٹر انور نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت کا استقبال کیا۔ دونوں چیف جسٹس کے درمیان عدالتی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات 30 منٹ سے زائد جاری رہی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے سابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد رفیق اور سابق آئی جی پنجاب راؤ سردار علی و دیگران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست غیر ضروری قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاران کو پچیس 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر گواہ عدالت میں پیش ہو گئے تھے تو پھر توہین عدالت کیسے ہوئی؟ آپ کو تمام حالات کا علم تھا اور جان بوجھ کر حقائق مخفی رکھے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر سیال نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے جے آئی ٹی بنانے کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر فیصلہ کرکے درخواست داخل دفتر کر دی گئی تھی، عدالتی حکم پر عمل درآمد ہونے کے باعث توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت نہیں رہی، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پولیس نے مقدمہ خارج کرنے کی رپورٹ ٹرائل کورٹ میں پیش کی، تاہم مجسٹریٹ نے رپورٹ مسترد کرکے گواہ طلب کر لیے تھے، درخواست میں مزید کہا گیا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی استدعا کی گئی تھی، لیکن پولیس نے عدالتی ہدایات کے برعکس مقدمہ خارج کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس خالد اسحاق نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز میں کام کرنے والے اہل ڈیلی ویجز، ورک چارجڈ اور کنٹیجنٹ پیڈ ملازمین کو مستقل ورکرز کا قانونی درجہ دینے سے انکار کے حکومتی احکامات غیر قانونی قرار دے دئیے، عدالت نے 26 آئینی درخواستیں منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ مستقل نوعیت کے کام پر مسلسل نو ماہ سے زائد خدمات انجام دینے والے اہل ملازمین مستقل ورکرز کے قانونی حقوق حاصل کرنے کے حق دار ہیں، عدالت نے قرار دیا کہ پنجاب حکومت کی 2021 کی پالیسی کا اطلاق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز پر بھی ہوگا اور اس مقصد کے لیے الگ نوٹیفکیشن جاری کرنا ضروری نہیں، فیصلے کے مطابق ملازمین کی بار بار 89 روزہ تقرریاں مستقل نوعیت کے کام کی حقیقت تبدیل نہیں کر سکتیں اور ملازم کی قانونی حیثیت کا تعین تقرری کے نام کے بجائے کام کی نوعیت اور مدت سے کیا جائے گا، عدالت نے قرار دیا کہ ایک جیسے حالات میں کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ مختلف سلوک آئین کے آرٹیکل 25 کے منافی اور امتیازی سلوک کے زمرے میں آ سکتا ہے، فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملازمین کو زبانی احکامات کے ذریعے ملازمت سے فارغ کرنا قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں، ملازمت ختم کرنے کے لیے تحریری حکم اور وجوہات بیان کرنا ضروری ہیں، جبکہ منفی کارروائی سے پہلے ملازم کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع دینا بھی لازم ہے، عدالت نے واضح کیا کہ انڈسٹریل اینڈ کمرشل ایمپلائمنٹ (اسٹینڈنگ آرڈرز) 1968 کے تحت قانونی شرائط پوری کرنے والے ڈیٹا انٹری آپریٹرز، سینیٹری ورکرز اور دیگر اہل ملازمین مستقل ورکرز کے حقوق اور قانونی تحفظات حاصل کرنے کے حق دار ہوں گے، تاہم اس قانونی حیثیت کا مطلب سول سرونٹ کی حیثیت سے خودکار مستقلی یا سول سروس میں ریگولرائزیشن نہیں ہوگا، عدالت نے متعلقہ حکام کو ملازمین کے واجبات اور تنخواہوں کا تعین کرنے سے قبل انہیں سماعت کا مناسب موقع فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ واجبات کے تعین میں کام نہیں تو اجرت نہیں کے اصول کو بھی مدنظر رکھا جا سکتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو فیک ویڈیو کیس میں ٹرائل کورٹ کے روبرو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنے بیان پر جرح کرانے کا حکم معطل کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد روک دیا، عدالت نے ٹرائل کورٹ کو مقدمے کے دیگر گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کی ہدایت کر دی، وکیل علی زاہد بخاری نے مؤقف اختیار کیا کہ عظمیٰ بخاری اہم حکومتی عہدے پر فائز ہیں اور انہیں سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، اس لیے ان کی ذاتی حیثیت میں پیشی ممکن نہیں، ٹرائل کورٹ نے عظمیٰ بخاری کو اپنے بیان پر جرح کے لیے طلب کر رکھا تھا، تاہم معاملہ ہائیکورٹ میں زیر التوا ہونے کے باوجود عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے، استدعا ہے کہ ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم کالعدم قرار دے کر بیان پر جرح ویڈیو لنک کے ذریعے کرانے کی اجازت دی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےملٹری کورٹ کی کارروائی کے خلاف درخواست گزار حسان نیازی کے وکیل کو تین ہفتوں میں جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی،اسپیشل پراسیکیوٹر منیر احمد بھٹی نے عدالت میں داخل جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست لاہور ہائیکورٹ میں قابل سماعت ہے، تاہم مناسب ہوگا کہ درخواست گزار اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں، درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 مئی کے مقدمے میں گرفتاری کے بعد حسان نیازی کو سویلین عدالت میں پیش کیے بغیر ان کی کسٹڈی ملٹری حکام کے حوالے کر دی گئی،استدعا ہے کہ ملٹری کسٹڈی میں دینے کے 17 اگست 2023 کے نوٹیفکیشن، ملٹری کورٹ اور کورٹ مارشل کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دے کر ملزم کو رہا کرنے یا انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی میں توسیع کے خلاف درخواستوں پر سماعت ، جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی کی دونوں بیٹیوں کو آج صبح 10 بجے جیل میں اپنی والدہ سے ایک گھنٹے کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا،عدالت نے نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی نظر بندی میں توسیع کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو 4 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، عدالتی حکم پر ہوم سیکرٹری پنجاب کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، جس میں سرکاری وکیل نے بتایا کہ نورین نیازی کا ہسپتال میں علاج کرایا گیا اور ڈاکٹرز کی ہدایت پر انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری وکیل کے مطابق علاج کے دوران 29 اکتوبر کو حاجرہ نیازی کی اپنی والدہ سے ملاقات بھی کرائی جا چکی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ملاقات کے لیے وکیل ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دے اور اس درخواست پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں بیٹیوں کی ملاقات یقینی بنائی جائے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں خواتین کی 30 روزہ نظر بندی مکمل ہونے کے بعد 7 اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر نے نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جو غیر قانونی ہے، جبکہ انہیں اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد تمام آزادیاں ختم ہو چکی ہیں اور بنیادی حقوق آئین میں موجود ہونے کے باوجود عملی طور پر نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر عدالتوں میں انصاف کے حصول کے لیے آئے ہیں، لیکن اگر عدالتیں ایک قیدی تک رسائی نہیں دلا سکتیں تو ان کی افادیت پر سوالات اٹھتے ہیں، سلمان اکرم راجہ نے علیمہ خان کے ڈرائیور کی گرفتاری اور نظر بندی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک غریب ڈرائیور بغیر کسی جرم کے جیل میں پڑا ہے اور اس کے اہل خانہ پریشان ہیں، انہوں نے کہا کہ کالے قوانین کے تحت بے گناہ افراد کو بھی مجرم بنایا جا رہا ہے اور وہ عدالتوں میں اس لیے آتے ہیں تاکہ قوم کو ان معاملات کی طرف متوجہ کرتے رہیں، پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے، ان سے ان کا کوئی رابطہ نہیں اور سوشل میڈیا پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس محمد اجمل زاہد نے موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ نہ پہننے اور وہیل و چین کور نہ ہونے سے پیش آنے والے حادثات کی روک تھام کے لیے دائر درخواست نمٹا دی،حکومتی وکیل نے جرمانوں سے متعلق نیا آرڈیننس عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ قانون نافذ ہو چکا ہے اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کیے جا رہے ہیں،عدالت نے قرار دیا کہ درخواست دائر ہونے کے وقت متعلقہ قانون موجود نہیں تھا، اب قانون سازی اور اس پر عمل درآمد کے پیشِ نظر درخواست نمٹا دی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے ویڈیو میں غیر مہذب گفتگو کرنے کے مقدمے میں سوشل میڈیا شخصیت رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 11 نومبر تک توسیع کر دی ،این سی سی آئی اے کی جانب سے ریکارڈ اور تفتیش مکمل نہ ہونے کے باعث عدالت نے سماعت ملتوی کر دی، این سی سی آئی اے نے رجب بٹ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button