یوسف رضا گیلانی پاک چین ریسرچ سینٹر کے اعزازی چیئرمین مقرر

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک چین ریسرچ سینٹر فار پارٹی اینڈ اسٹیٹ گورننس کی اعزازی چیئرمین شپ قبول کرلی۔
وفاقی دارالحکومت میں ریسرچ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون اور ادارہ جاتی روابط فروغ پا رہے ہیں، جو دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کا طرز حکمرانی اور ادارہ جاتی ترقی پاکستان کے لیے رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں۔ غربت کے خاتمے، دیہی ترقی اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں چین کی پیشرفت قابل تحسین ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سی پیک 2.0 زراعت، صنعتی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور علاقائی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ہنرمندی کے فروغ کو ترجیح دی جانی چاہیے۔



