خطے کے ممالک ایران کے خلاف نئی امریکی جنگ کی حمایت نہ کریں: عباس عراقچی

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف نئی امریکی جنگ کی حمایت نہ کریں اور امریکا کو مزید فوجی کارروائیوں سے روکنے میں کردار ادا کریں۔
روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے خلیجی ہمسایہ ممالک کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ صرف امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ ایران نے پہلے ہی خطے کے ممالک کو آگاہ کردیا تھا کہ امریکی حملے کی صورت میں خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکی حملے کی صورت میں جوابی کارروائی سے متعلق پیشگی اطلاع دی تھی، جبکہ خلیجی ممالک میں ایرانی میزائل گرنے کی ذمہ داری ایران پر عائد نہیں ہوتی۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کے دوست ممالک اب سمجھ چکے ہیں کہ امریکی فوجی اڈے انہیں تحفظ فراہم نہیں کرسکتے بلکہ یہ اڈے اپنی حفاظت کرنے کی بھی صلاحیت نہیں رکھتے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ جنگ کی حوصلہ افزائی کے بجائے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہیں امید ہے کہ خطے کے ممالک ماضی کے تجربات سے سبق سیکھ چکے ہوں گے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث ان کی تصاویر جاری نہیں کی جا رہیں، تاہم وہ بطور سپریم لیڈر تمام معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں اور ریاستی فیصلے ان کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں۔
عباس عراقچی کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای انتہائی متحرک انداز میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ اسے ایسے دشمنوں کا سامنا ہے جو اہم شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔



