ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ، اسرائیل نے فوجی تیاریاں مکمل کرلیں: اسرائیلی اخبار

تل ابیب: اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ ممکنہ طور پر دوبارہ جنگ شروع ہونے کے پیش نظر اپنی دفاعی اور جارحانہ فوجی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی تیاریاں اب منصوبہ بندی سے آگے بڑھ کر عملی مشقوں کے مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں لڑاکا طیاروں نے شام اور عراق کی فضائی حدود سے ایران کی سرحدوں کی جانب پروازیں کیں، جن کا مقصد ممکنہ فضائی حملوں کے راستوں کی مشق کرنا تھا۔
اسرائیلی سیاسی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اخبار کو بتایا کہ سیاسی اور فوجی قیادت نے نئی جنگ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ اس کا انحصار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر ہوگا کہ وہ ایران کے ساتھ سفارتی معاہدے کی کوشش جاری رکھتے ہیں یا اسرائیل کے ساتھ مل کر دوبارہ فوجی کارروائیاں شروع کرتے ہیں۔
اخبار کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے بھی صدر ٹرمپ کو ایران پر دوبارہ حملے شروع کرنے کے منصوبے پیش کیے ہیں، تاہم فوجی کارروائیوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران امریکی فوج کے 10 ٹرانسپورٹ طیارے اسرائیلی فضائی اڈوں پر پہنچے ہیں، جو خطے میں فوجی سازوسامان کی ترسیل کے لیے جاری فضائی مہم کا حصہ ہیں۔
اسرائیلی سیاسی ذرائع کے مطابق امریکا کو درپیش اہم مسائل میں سے ایک ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے تزویراتی مقاصد کا واضح نہ ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات، میزائل نظام اور فوجی صلاحیتوں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنانے کے باوجود ضروری نہیں کہ ایرانی حکومت کا خاتمہ ہو یا اس کی پالیسیوں میں تبدیلی آجائے۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ نئی جنگ شروع ہونے کی صورت میں حزب اللہ بھی اس میں شامل ہوسکتی ہے، جس سے تنازع لبنان تک پھیلنے اور طویل جنگ میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔ ایسی صورتحال میں اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام اور میزائل حملوں کو روکنے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کے ذخائر پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔



