پاکستان نے جی 24 کی صدارت سنبھال لی

اسلام آباد: پاکستان نے بین الحکومتی گروپ جی 24 کی صدارت باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے، جسے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا پاکستان کی پہلی ترجیح ہوگی، جبکہ ترقی پذیر ممالک کی عالمی مالیاتی اداروں میں مؤثر نمائندگی دوسری اور عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات اور ترقیاتی فنانسنگ تیسری ترجیح ہوگی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان جی 24 کے پلیٹ فارم کو ترقی پذیر معیشتوں کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرسکے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جی 24 کی صدارت سے عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت ملے گی۔ چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔



