latest newsPakistan

خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف درخواستیں، فریقین کو نوٹس جاری

پشاور: خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور بعض اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے والی درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل آفس نے گورنر، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جوابات طلب کرلیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے کے بعض اضلاع میں ایمرجنسی اور دیگر علاقوں میں گورنر راج کا نفاذ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق خیبرپختونخوا کی صورت حال ایسی نہیں تھی کہ صوبائی حکومت کے اختیار سے باہر ہوجاتی اور غیر معمولی اقدامات کی ضرورت پیش آتی۔ وفاقی حکومت نے ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرکے اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کیا اور منتخب صوبائی حکومت و نمائندوں کو ان کے اختیارات سے محروم کردیا۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گورنر راج صرف غیر معمولی حالات میں نافذ کیا جاسکتا ہے، جب صوبے کی صورت حال قابو سے باہر ہوجائے، جبکہ اس کے لیے صوبائی حکومت کی سفارش بھی ضروری ہے۔

درخواست گزاروں نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کرنے کے اقدام کو بھی چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوج کی تعیناتی صوبائی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور اس ضمن میں متعدد آئینی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل آفس نے گورنر، چیف سیکریٹری، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 نومبر تک گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے افسران کے ذریعے عدالت میں اپنی رپورٹس اور جوابات جمع کرائیں۔

تاہم اسپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے جواب جمع کرانے کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، کیونکہ صوبائی حکومت کے مطابق اسپیکر اس وقت حفاظتی تحویل میں ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل آفس کو بھی اس صورت حال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ درخواستوں پر مزید سماعت 10 نومبر کو کرے گی۔

دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت گرفتار مزید 23 پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔

جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس انعام اللہ پر مشتمل بینچ نے 23 افراد کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں میں اکبر شیر، شہزاد، رضا اللہ، ثاقب، احسان اللہ اور مومن خان سمیت دیگر شامل ہیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا یاسر خٹک اور اظہر رحیم خان پیش ہوئے، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ثناء اللہ اور متعلقہ حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔

عدالتی حکم کے مطابق گزشتہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر مردان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے گرفتار افراد کو حراست میں لینے اور جیل بھیجنے کی وجوہات اور حالات سے متعلق رپورٹ طلب کی گئی تھی، تاہم متعلقہ حکام نے عدالتی احکامات کے باوجود رپورٹ جمع نہیں کرائی۔

بینچ نے قرار دیا کہ مطلوبہ رپورٹ کی عدم موجودگی میں عدالت کے پاس دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لے کر درخواست گزاروں کو ریلیف دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ اسی نوعیت کے دیگر مقدمات میں بھی ریلیف دیا جاچکا ہے۔

عدالت نے ہر درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔

بینچ نے واضح کیا کہ درخواستوں پر میرٹ کی بنیاد پر سماعت جاری رہے گی اور عبوری ریلیف کو نظر بندی کی قانونی حیثیت سے متعلق حتمی فیصلہ تصور نہیں کیا جائے گا۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر مردان کو دوبارہ متعلقہ رپورٹ اور ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button