پاکستان کا افغان طالبان کے مذاکرات سے متعلق بیان پر ردعمل، دہشت گردی دوطرفہ تعلقات میں بڑی رکاوٹ قرار

یہ ردعمل افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اسلام آباد پر کابل کے ساتھ کشیدگی مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے میں عدم دلچسپی کا الزام عائد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشیدگی کم کرنے کی اب تک کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ افغان طالبان قیادت دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ، یعنی افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں ناکامی کو نظرانداز کررہی ہے اور اس کے بجائے پاکستان کی پالیسیوں کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے، دہشت گردی اس کے لیے ریڈ لائن ہے اور شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان اپنی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی سرحد پار دہشت گرد پناہ گاہیں برداشت نہیں کرے گا اور نہ ہی افغانستان سے ہونے والے حملوں کا نشانہ اپنے شہریوں کو بننے دے گا۔ پاکستان کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق حاصل ہے۔
بیان میں افغان طالبان حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ ان خطرات سے نمٹنے کی ذمہ داری قبول کرے۔ وزارت اطلاعات نے خبردار کیا کہ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
وزارت کے مطابق دہشت گردی کے معاملے پر افغان طالبان حکومت کی مسلسل عدم توجہی معمول کے تعلقات کی بحالی میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ الزامات کی منتقلی، یقین دہانیاں اور پاکستان کی پالیسیوں پر سوالات اٹھانے سے بحران حل نہیں ہوگا اور نہ ہی کابل اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہوسکتا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے ریڈیو آزادی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان نے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کی آخری کوششیں بھی کیں، تاہم کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان پیغامات کا تبادلہ ہوا جبکہ ثالث ممالک اور افغان طالبان حکام کی کوششیں بھی کشیدگی کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی پاکستان نے افغان طالبان حکام پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں۔ پاکستان نے تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر تنظیموں کی مبینہ معاونت اور سرپرستی پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں افغانستان کی انسانی حقوق کی صورت حال سے متعلق خصوصی نمائندے کے ساتھ مکالمے کے دوران پاکستانی مستقل مشن کے کونسلر محمد جواد اجمل نے افغانستان میں ٹی ٹی پی، بلوچستان لبریشن آرمی، مجید بریگیڈ، داعش خراسان اور ایسٹرن ترکستان اسلامک موومنٹ سمیت متعدد عسکریت پسند تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان اور افغانستان کے تعلقات سرحد پار دہشت گردی اور سکیورٹی خدشات کے باعث مسلسل کشیدگی کا شکار ہیں۔ اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ افغان سرزمین پاکستان میں حملوں کے لیے استعمال ہورہی ہے اور کابل کو دہشت گردوں کی پناہ گاہوں، تربیتی مراکز اور سرحد پار دراندازی کے خاتمے کے لیے قابل تصدیق اقدامات کرنا ہوں گے۔
پاکستانی حکام کے مطابق 2026 کے دوران افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے نتیجے میں 1,327 پاکستانی جاں بحق اور 2,484 زخمی ہوئے۔ سکیورٹی حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پاکستان میں دراندازی کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں میں سے 70 فیصد تک افغان نژاد ہیں۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کے بغیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔



