فخر زمان نے سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا، ون ڈے میں 4 ہزار رنز مکمل

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں فخر زمان نے 99 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری تھی۔
فخر زمان کی کسی ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں یہ دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف اوول کرکٹ گراؤنڈ میں سنچری اسکور کی تھی۔
اس طرح فخر زمان نے سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا، جنہوں نے ون ڈے ٹورنامنٹس کے فائنلز میں دو سنچریاں اسکور کی تھیں۔ سعید انور نے پہلی سنچری 1993 میں وِلز ٹرافی کے فائنل میں سری لنکا جبکہ دوسری 1998 میں سلور جوبلی انڈیپنڈنس کپ کے دوران بھارت کے خلاف بنائی تھی۔
فخر زمان نے اسی میچ میں ون ڈے کیریئر کے 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے 16ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں انضمام الحق، جاوید میانداد، یونس خان اور سعید انور جیسے نامور بلے باز بھی شامل ہیں۔
فخر زمان اب تک 96 ون ڈے اننگز میں 44.65 کی اوسط اور 93.57 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 4019 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 12 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں شامل ہیں۔



