نیویارک میراتھن میں پاکستانی رنرز بھی شریک ہوں گے
صادق شاہ اور جنید کا سکس اسٹار مکمل کرنے کا ہدف

پاکستانی دستے میں کراچی اور اسلام آباد کے ایتھلیٹس کے علاوہ امریکا، برطانیہ، ناروے اور سنگاپور میں مقیم پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی شامل ہیں۔ اس سال دستے میں تجربہ کار میراتھن رنرز، آئرن مین ایتھلیٹس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستانی رنرز میں جمال خان، ڈاکٹر سعد عثمانی، یسریٰ بخاری اور فہد مختار پہلے ہی سکس اسٹار میڈل حاصل کر چکے ہیں، جبکہ صادق شاہ اور محمد جنید نیویارک میراتھن مکمل کرکے چھٹا میجر اسٹار حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔
ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز میں ٹوکیو، بوسٹن، لندن، شکاگو، برلن اور نیویارک کی میراتھن شامل ہیں۔ ان چھوں ریسوں کو مکمل کرنے والے رنرز کو سکس اسٹار میڈل دیا جاتا ہے۔
کراچی کے صادق شاہ نے نیویارک میراتھن تین گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو تمام چھ میجرز تین گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔ ان کے مطابق تیاری اچھی رہی، تاہم شدید گرمی میں ٹریننگ کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔
پاکستانی دستے میں عامر بٹ نویں مرتبہ، جبکہ جمال خان پانچویں مرتبہ نیویارک میراتھن میں شرکت کریں گے۔ ملتان کے فہد مختار تیسری مرتبہ اس ریس میں حصہ لیں گے۔ عامر بٹ، فہد مختار اور دانش رضا تینوں آئرن مین ایتھلیٹس ہیں۔
دستے میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شامل ہیں۔ سکس اسٹار میڈلسٹ یسریٰ بخاری پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، جبکہ بشیری انجم نیویارک میں ڈاکٹر ہیں۔ پاکستانی گروپ میں کم از کم تین ڈاکٹرز بھی میراتھن میں دوڑیں گے، جن میں ڈاکٹر سعد عثمانی بھی شامل ہیں جو مائیلوما کینسر کی تحقیق سے وابستہ ہیں۔
خواتین رنرز میں یسریٰ بخاری، بشیری انجم، عیلیہ زیدی، حنا ملک، سمینہ خان، جہان خان، کلینا سومرو اور اسما شامل ہیں۔
نیویارک سٹی میراتھن 26.2 میل یعنی 42.195 کلومیٹر پر مشتمل ہے اور شہر کے پانچوں بورو سے گزرتی ہے۔ ریس کا آغاز اسٹیٹن آئی لینڈ سے ہوگا، جہاں سے شرکا ویرازانو نارو بریج عبور کرکے بروکلین پہنچیں گے۔ بعد ازاں کوئنز، مین ہیٹن اور برونکس سے گزرتے ہوئے دوبارہ مین ہیٹن میں داخل ہوں گے اور ففتھ ایونیو کے راستے سینٹرل پارک پہنچ کر ریس مکمل کریں گے۔
ریس کے مشکل روٹ، پلوں اور آخری مراحل میں درپیش چیلنجز کے باعث رنرز کے لیے رفتار اور توانائی برقرار رکھنا اہم ہوگا۔ نیویارک میراتھن دنیا کی مقبول ترین روڈ ریسوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں پیشہ ور اور شوقیہ ایتھلیٹس سمیت ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔
ریس سے قبل پاکستانی رنرز نے پریڈ آف نیشنز میں بھی شرکت کی۔ پاکستانی ایتھلیٹس کے لیے یہ ایونٹ محض ذاتی کامیابی کا موقع نہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کا ذریعہ بھی ہے۔



