آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز میں آگ لگنے کے بعد دھماکے، ایران کا دعویٰ

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ٹینکر میں 20 لاکھ بیرل خام تیل موجود تھا جو ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے فوری طور پر اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے بتایا کہ اسے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ایران کے جزیرے لاوان سے تقریباً 40 ناٹیکل میل جنوب میں ایک بحری جہاز کے بائیں جانب نامعلوم میزائل یا پروجیکٹائل ٹکرایا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی۔ ایجنسی کے مطابق عملہ محفوظ ہے اور ماحولیاتی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ برطانوی ایجنسی کی رپورٹ میں جس جہاز کا ذکر کیا گیا ہے، آیا وہ پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے بیان کیے گئے تین ٹینکرز میں شامل ہے یا نہیں۔
فروری کے اختتام پر ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد سے آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار ہے۔ اس اہم بحری گزرگاہ سے دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی سپلائی گزرتی ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز کے قریب جزیرہ قشم کے اوپر امریکی ڈرون MQM-170 کو مار گرا کر قبضے میں لے لیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے اس دعوے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ رائٹرز بھی اس کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔
ایران نے مزید دعویٰ کیا کہ اس نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک امریکی بغیر پائلٹ بحری جہاز تباہ کر دیا ہے، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوج کے تمام بغیر پائلٹ بحری جہاز محفوظ ہیں، جن میں آبنائے ہرمز میں گشت کرنے والے جدید سمندری ڈرونز کا ایک اسکواڈرن بھی شامل ہے۔



