عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد آئینی تقاضا ہے، کوئی رسمی کارروائی نہیں، وفاقی آئینی عدالت
فیصلوں پر عمل درآمد میں تاخیر قانونی نظام کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، جسٹس علی باقر نجفی کا 10 صفحات پر مشتمل فیصلہ

جسٹس علی باقر نجفی کی جانب سے تحریر کردہ 10 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے سے عدالتوں کے وقار اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے درمیان توازن متاثر ہوتا ہے، جبکہ اس سے انتظامیہ کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کا حصہ تھے، جس نے برطرف سرکاری ملازمین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے مقدمے کی سماعت کی۔
عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد عدالتی نظام پر عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ اگر افراد یا ادارے عدالتی فیصلوں کو آسانی سے نظر انداز کرسکیں تو عدلیہ اور پورے حکومتی نظام کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، جس سے جمہوری نظام بھی کمزور ہوسکتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ آئینی جمہوریت میں قانون کی حکمرانی محض ایک اصول نہیں بلکہ حکومتی نظام کی قانونی حیثیت اور اچھی حکمرانی کی بنیاد ہے۔ سپریم کورٹ اور 27ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاقی آئینی عدالت کو ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کی حیثیت سے قانون کی تشریح، انصاف کی فراہمی اور آئین کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
عدالت کے مطابق سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلے محض سفارشات یا مشورے نہیں بلکہ قانونی احکامات ہیں جن پر عمل درآمد لازم ہے۔ یہ فیصلے تفصیلی قانونی جانچ پڑتال اور غور و خوض کے بعد صادر کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2021ء میں سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کے اختیار کے تحت ہزاروں سرکاری ملازمین کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا، جنہیں 17 اگست کے فیصلے میں برطرف ملازمین کی بحالی کے آرڈیننس 2010ء کو کالعدم قرار دینے کے بعد ملازمتوں سے فارغ کیا گیا تھا۔
وفاقی آئینی عدالت نے استفسار کیا کہ کیا 17 دسمبر 2021ء کے حکم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کیا گیا؟ عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں۔
عدالت نے زیر سماعت مقدمات نمٹاتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برطرف ملازمین کے مقدمے میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جائے اور درخواست گزاروں کو غیر مشروط اور مستقل بنیادوں پر ملازمت پر بحال ہونے والے مستفید ملازمین تصور کیا جائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملازمین پر سپریم کورٹ کی جانب سے عائد شرائط محکموں کی غفلت اور وقت گزرنے کے باعث ختم یا نرم ہوگئیں، اس میں درخواست گزار ملازمین کا کوئی قصور نہیں تھا۔ عدالت نے متعلقہ محکموں کی عدم کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے طرز عمل کی تعریف نہیں کی جاسکتی، تاہم مجموعی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مرحلے پر سخت کارروائی کے بجائے تحمل کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد اعلیٰ عدالتوں کے لیے ایک بڑا چیلنج اپنی عدالتی اتھارٹی منوانا ہے۔ ان کے مطابق ججوں کی تقرری میں انتظامیہ کا کردار اب زیادہ نمایاں ہوگیا ہے۔
خبر کے مطابق گزشتہ سال مئی میں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو حکم دیا تھا کہ 9 مئی 2023ء کے مقدمات میں فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے شہریوں کو اپیل کا حق دینے کے لیے قانون سازی کی جائے، تاہم اس حکم پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت نے فوجی عدالتوں سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کے معاملے پر تاحال کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا، جبکہ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن اپیل کا حق ملنے کے منتظر ہیں۔



