latest newsPolitics

انتخابی اصلاحات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی، ایاز صادق کے نامزدگیاں طلب کرنے کے لیے خطوط

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انتخابی نظام میں اصلاحات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر نے متعلقہ رہنماؤں سے کمیٹی کے لیے ارکان کے نام تجویز کرنے کی درخواست کی ہے۔ مجوزہ کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 20 اور سینیٹ سے 10 ارکان شامل ہوں گے، جبکہ سیاسی جماعتوں کو دونوں ایوانوں میں ان کی عددی قوت کے تناسب سے نمائندگی دی جائے گی۔

اس سے قبل وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ قومی اسمبلی انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے چکی ہے اور اسپیکر جلد اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ ان کے مطابق کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تحریک پیش کیے جانے پر پاکستان تحریک انصاف نے مخالفت نہیں کی۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے قیام کا مقصد انتخابی نظام میں بہتری، شفافیت اور اصلاحات کے لیے پارلیمانی مشاورت اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ حکومت انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کی قابل عمل تجاویز کو اہمیت دے گی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے مجوزہ کمیٹی میں اپوزیشن جماعتوں کی شمولیت کے لیے رابطے شروع کردیے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی درخواست پر پارلیمنٹ انتخابی اصلاحات کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

اسی سلسلے میں سینیٹر شیری رحمان کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کرکے انہیں کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ راجہ ناصر عباس نے مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی کرائی۔

شیری رحمان نے ملاقات کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ تحریک انصاف نے پارلیمانی کمیٹیوں کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، تاہم اسے بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ جماعت اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کرسکے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کا وفد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے بھی ملاقات کرکے انہیں کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دے چکا ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے مطابق محمود خان اچکزئی نے دعوت پر جواب دینے سے پہلے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button