پنجاب میں 1200 سے زائد اسٹارٹ اپس کو کاروبار کےلیے 200 ارب روپے کے قرضے جاری کیے، مریم نواز

لاہور(عمران اسلم) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کو ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اختراعی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ آسان کاروبار اسکیم کے تحت تقریباً 200 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ای بزنس کے ذریعے دو لاکھ سے زائد افراد این او سی اور دیگر اجازت نامے حاصل کر چکے ہیں۔
پیوٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صوبے کی 36 ملین افرادی قوت کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانا ضروری ہے۔ حکومت اب تک چار لاکھ افراد کو ہنر کی تربیت دے چکی ہے جبکہ مزید چھ لاکھ افراد کو تربیت فراہم کرنے کا ہدف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 1200 سے زائد اسٹارٹ اپس کام کر رہے ہیں، 50 مشترکہ سہولتوں کو یکجا کرکے صنعتی کلسٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ پیوٹ کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بینکوں سے بھی کاروباری فنانسنگ کے ضوابط آسان بنانے کی درخواست کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعتوں کو ماحول دوست بنانا ضروری ہے، تاہم ماحولیاتی تحفظ کی آڑ میں کارخانے بند کرنا مسئلے کا حل نہیں۔ صنعتوں کی چیکنگ ضرور ہونی چاہیے لیکن پلانٹس بند ہونے سے مزدوروں کا روزگار متاثر ہوتا ہے۔ معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، تاہم حکومت کسی کا کاروبار بند نہیں کرنا چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاروبار کرنے کے خواہش مند افراد سے سرمایہ آنے کے ذرائع کے بارے میں غیر ضروری سوالات نہیں کیے جائیں گے۔ حکومت نے نیا ٹیکس لگانے کے بجائے ٹیکس نیٹ بڑھانے پر توجہ دی ہے، جس کے نتیجے میں صوبے کا ریونیو 200 ارب روپے سے بڑھ کر ایک کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پیوٹ کے آغاز سے قبل تمام محکموں سے سرخ فیتہ ختم کرنے کا عہد بھی لیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کو محکموں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ ڈالا کلچر اور قبضہ مافیا کا خاتمہ کیا گیا ہے اور کئی سال پرانے قبضے ختم کرائے گئے ہیں۔ وزرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ پروٹوکول اور سکیورٹی کم سے کم رکھیں۔
انہوں نے صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کٹلری اور پنکھے تیار ہوتے ہیں، لیکن گلیزنگ، میٹریل ٹیسٹنگ اور پنکھوں کی آواز کی جانچ کے لیے بھی چین جانا پڑتا ہے۔ سرٹیفکیشن کی سہولت نہ ہونے کے باعث کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی صنعت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اسٹیٹس اور اسپیشل اکنامک زونز کو محض رئیل اسٹیٹ کا کاروبار نہیں بننا چاہیے، حکومت صنعتوں کے لیے زمین ماہانہ 80 ہزار سے دو لاکھ روپے لیز پر فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 20 برس میں صرف تین ہزار ٹریکٹر فراہم کیے گئے، جبکہ رواں سال 45 ہزار ٹریکٹر فراہم کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید مشینری پنجاب لائی جا رہی ہے اور کسانوں کو سبسڈی پر ٹریکٹرز اور سپرسیڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور لائیو اسٹاک کے لیے خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ نوجوان ہنر سیکھ کر بیرون ملک جائیں گے تو انہیں بہتر ملازمتیں اور زیادہ معاوضہ مل سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے یقینی، بدامنی، احتجاج اور توڑ پھوڑ کے ماحول میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام ان کے خاندان کی طرح ہیں اور انہیں صاف ستھرا ماحول اور صحت بخش خوراک فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کھانے پینے کا کاروبار کرنے والوں کو ناقص خوراک فراہم نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ حکومت کا مقصد کاروبار بند کرنا نہیں بلکہ عوام کو معیاری خوراک اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔



