قراقرم ایکسپریس کا نیا ریک متعارف، 20 جدید کوچز نجی شعبے کے تحت چلائی جائیں گی
قراقرم ایکسپریس میں اے سی سلیپر، اے سی بزنس، اے سی اسٹینڈرڈ اور اکانومی کلاسز شامل ہیں۔ ٹرین لاہور اور کراچی سے روزانہ سہ پہر 3 بجے روانہ ہوگی اور لاہور سے کراچی کا سفر تقریباً 19 گھنٹوں میں مکمل کرے گی۔
ٹرین کے مختلف اسٹاپس میں رائیونڈ، ساہیوال، خانیوال، بہاولپور، روہڑی اور حیدرآباد شامل ہیں۔ مسافروں کو منرل واٹر، تازہ کھانا، بیڈنگ، موبائل چارجنگ، وائی فائی اور انفوٹینمنٹ سسٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ اے سی سلیپر اور اے سی بزنس کلاس کے مسافروں کے لیے خصوصی اعزازی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔
اس موقع پر سی ای او پاکستان ریلویز محمد حفیظ اللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے کے وژن کے مطابق ٹرینوں کی اپ گریڈیشن اور سفری سہولیات میں بہتری کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ریلوے ٹریک کی بہتری کے لیے بھی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال فروری میں ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہوجائے گا۔



