امریکا کا چینی ٹیلی کام کمپنیوں کو فون نمبرز تک براہِ راست رسائی دینے پر پابندی کا منصوبہ

امریکی فیڈرل کمیونی کیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے جمعرات کو بتایا کہ وہ 19 نومبر کو اس تجویز پر ووٹنگ کرے گا، جس کے تحت چائنا موبائل، چائنا ٹیلی کام، چائنا یونی کام اور دیگر انٹرنیٹ پروٹوکول پر مبنی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی براہِ راست رسائی پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (وی او آئی پی) ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے امریکی نمبرز تک براہِ راست رسائی نسبتاً سستا طریقہ ہے اور اس سے جدید سہولتیں فراہم کرنا بھی آسان ہوتا ہے۔
ایف سی سی کے چیئرمین برینڈن کار نے کہا کہ اس فیصلے سے غیر قانونی سرگرمیوں اور دھوکا دہی پر مبنی خودکار کالز کے خلاف دفاع کی پہلی سطح مزید مضبوط ہوگی۔
دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے چین اور امریکا کے کاروباری اداروں کے درمیان معمول کی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی اور یہ اقدام امریکی کمپنیوں اور صارفین سمیت کسی کے مفاد میں نہیں۔
ایف سی سی نے مزید کہا کہ وہ ایسے آئی پی سروس فراہم کرنے والے اداروں پر بھی پابندی لگانے کا ارادہ رکھتا ہے جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دی گئی کمپنیوں، جن میں ہواوے اور زیڈ ٹی ای شامل ہیں، کا تیار کردہ سامان استعمال کرتے ہیں۔
کمیشن کے مطابق دسمبر 2028ء سے تمام چینی لیبارٹریوں کو امریکی الیکٹرانک مصنوعات کی جانچ سے روکنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔ اس کے علاوہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دی جانے والی چینی کمپنیوں کی براہِ راست فون نمبرز تک رسائی کی اجازت بھی منسوخ کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اس سے قبل چائنا موبائل، چائنا ٹیلی کام اور چائنا یونی کام کو امریکا میں بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن خدمات فراہم کرنے سے روک چکا ہے۔



