خواتین سے متعلق کیپٹن (ر) صفدر کے ریمارکس پر تنقید، مریم نواز کا جذباتی ردعمل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر کو خواتین اور کینسر کے مرض سے متعلق غیر مناسب ریمارکس دینے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے، جس پر مریم نواز کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے خواتین کے جسم اور ذاتی اختیار سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کہتی ہیں کہ جسم ان کا ہے اور مرضی بھی ان کی، لیکن جب کینسر ہوجاتا ہے تو مختلف حصوں میں بیماری کی شکایت کرتی ہیں اور پھر مولوی صاحب سے دعا اور دم کروانے کی درخواست کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جسم اللہ کا دیا ہوا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کے ان ریمارکس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی گئی۔
دوسری جانب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کو ’’دل توڑ دینے والا‘‘ کا عنوان دیتے ہوئے لکھا کہ یہ وہ خاموش لڑائی ہے جو ایک عورت اور بیوی بند دروازوں کے پیچھے لڑتی ہے۔ اسے اس وقت بھی ہمت کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے جب اسے محسوس ہوتا ہے کہ وہ اندر سے ٹوٹ رہی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کچھ لڑائیاں خاموشی سے لڑی جاتی ہیں اور بعض زخم ایسے ہوتے ہیں جو دکھائی نہیں دیتے۔



