مکہ دفاعی معاہدے میں ایران سمیت نئے ممالک کی شمولیت کی گنجائش ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے میں نئے ممالک کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے اور علاقائی امن کے مشترکہ وژن پر یقین رکھنے والے ممالک کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ معاہدے کی شقیں نئے ممالک کی شمولیت میں رکاوٹ نہیں ہیں۔ ایران سمیت کوئی بھی ملک، جو علاقائی امن کے مشترکہ وژن پر یقین رکھتا ہو، اس معاہدے میں شامل ہوسکتا ہے۔ تاہم نئے ممالک کی شمولیت کا فیصلہ سعودی عرب، ترکیے اور پاکستان کی سیاسی قیادت کرے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے حوالے سے پاکستان محتاط انداز میں پُرامید ہے۔ فیلڈ مارشل کا ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ تہران کا دورہ مثبت پیشرفت کی علامت ہے، اگر پیشرفت نہ ہوتی تو وہ دو بار تہران نہ جاتے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران ثالثی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے اور بلاجواز تنقید کرنے والے بااثر عناصر سرگرم ہیں، جو جاری تنازع اور جنگ کو اپنے مفادات کے لیے ضروری سمجھتے ہیں۔
سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستان پُرعزم ہے
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق کہا کہ اس کا انحصار صورتحال اور سیاسی قیادت کے فیصلوں پر ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کا دفاع پاکستان کے عزم کا حصہ ہے۔
یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کے اندرونی تنازع کا حصہ نہیں، کیونکہ یہ تنازع یمن کے داخلی فریقوں کے درمیان ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کیے جائیں گے۔



