لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

لاہور ہائیکورٹ ،چیف سیکرٹری پنجاب اختر زمان نے چیف جسٹس عالیہ نیلم سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی،ملاقات میں عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری، پنجاب بھر میں زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکسز کی پیش رفت اور ضلعی عدالتوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر پنجاب بھر میں لیڈی بار رومز کی تعمیر و تکمیل کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، چیف سیکرٹری اختر زمان اور ایم ڈی ہاؤسنگ عمر فاروق علوی نے چیف جسٹس کو جاری منصوبوں کی موجودہ صورت حال، تعمیراتی معیار اور پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی، ملاقات میں عدالتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ چیف سیکرٹری نے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس انوار حسین نے6 تولہ سونےکی واپسی کے کیس میں شوہر محسن علی کی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے فیملی کورٹ اور سیشن کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دے دئیے، عدالت نےنان و نفقہ اور سامان جہیز سے متعلق فیصلوں میں مداخلت نہیں کی، عدالت نے قرار دیا ہے کہ شادی کے وقت بیوی کو دیا جانے والا سونا اس کی ملکیت تصور ہوگا، تاہم شوہر کی جانب سے سونا چھیننے کا الزام ثابت کرنے کی ذمہ داری بیوی پر عائد ہوتی ہے،تحریری فیصلے کے مطابق خاتون نے جولائی 2019 میں دائر کیے گئے پہلے دعوے میں سونے کی مقدار درج نہیں کی تھی اور نہ ہی سونے کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا، بعدازاں اکتوبر 2019 میں دائر کیے گئے دوسرے دعوے میں شوہر سے چھ تولہ سونا واپس کرنے کی استدعا کی گئی، تاہم دوسرے دعوے میں متعلقہ گواہوں کی نشاندہی نہیں کی گئی تھی، عدالت کے مطابق شوہر نے بیوی کو 17 گرام سے زائد سونا دینے کا اعتراف کیا، لیکن بیوی سونا چھیننے کے الزام کو ثابت نہیں کرسکی۔
لاہور ہائیکورٹ میں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت، جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی کی بیماری سے متعلق طبی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی، وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا کہ نورین نیازی شدید بیمار ہیں اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، وکیل رانا مدثر عمرنےموقف اختیار کیا کہ 30 روزہ نظر بندی مکمل ہونے کے بعد سات اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر نے نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جو غیر قانونی ہے، تینوں خواتین کی ان کے اہل خانہ اور وکیل سے ملاقات بھی نہیں کروائی گئی،استدعاہے کہ سات اکتوبر کا نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 70 سالہ نورین نیازی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حکومت اور متعلقہ حکام کو ان کے اہل خانہ کی ملاقات یقینی بنانی چاہیے، عدالت سے آج بھی استدعا کی ہے کہ کیس کی سماعت اسی روز کی جائے، انہوں نے کہا کہ نورین نیازی تک ان کے خاندان کی رسائی ہونی چاہیے اور اہل خانہ کو ملاقات سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے، یہ 24 کروڑ انسان ہیں، انہیں کاکروچ کی طرح ٹریٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔ ہمارے پاس عدالتوں کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں، اس لیے وہ قانونی راستہ اختیار کر رہے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شہرام سرور اور جسٹس سردار اکبر علی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جائیداد تنازع پر دو سگے بھائیوں کے قتل کیس میں مجرم محمد ندیم کی سزائے موت کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دے دیا، اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایڈیشنل سیشن جج نے حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے 2023 میں مجرموں کو سزائے موت سنائی، جبکہ مقدمے میں نامزد 11 افراد میں سے نو کو ٹرائل کورٹ نے بری کردیا تھا،وقوعہ رات کے وقت پیش آیا، جس کے باعث ملزمان کی شناخت مشکل تھی، جائیداد کا تنازع بھی ثابت نہیں ہوسکا اور جائے وقوعہ سے ملنے والے 15 خولوں میں سے صرف آٹھ میچ ہوئے، اپیل میں ایف آئی آر اور ضمنی رپورٹ میں موقف تبدیل ہونے کا نکتہ بھی اٹھایا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس جاوید اقبال وینس نے پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں روایتی پرچی سسٹم چار ہفتوں میں ختم کرکے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مریضوں کی رجسٹریشن کا نظام متعارف کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے حکومت پنجاب سے4 ہفتوں میں عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج کے لیے رجسٹریشن کاؤنٹرز پر پرچی لینے اور طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت سے نجات دلائی جائے، ایمرجنسی اور او پی ڈی کے مریضوں کو پرچی کے بغیر فوری طبی امداد فراہم کرنے کے مؤثر اقدامات کیے جائیں، عدالت نے سرکاری اسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق جامع رپورٹ بھی طلب کی اور خبردار کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی قرار دی گئی ہاؤسنگ سوسائٹی کو بجلی فراہم نہ کرنے کے خلاف درخواست گزار کے پیش نہ ہونے پر درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کردی۔ سماعت کے دوران گیپکو کے وکیل ایم عثمان اے مقبول ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کا بجلی کا میٹر نصب ہوچکا ہے اور متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی اب قانونی حیثیت اختیار کرچکی ہے۔ وکیل نے کہا کہ سوسائٹی پہلے غیر قانونی تھی، تاہم اب قانونی ہوچکی ہے، اس لیے درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے اور اسے نمٹا دیا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کی عدم موجودگی کے باعث درخواست عدم پیروی پر خارج کردی۔ مقدمے میں شہری شہباز نے بجلی کی فراہمی نہ ہونے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کالعدم تنظیم کے مبینہ ارکان سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے مقدمے میں دو ملزمان نور السماء اور ماشاء اللہ پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے الزامات کی صحت سے انکار کرتے ہوئے صحت جرم سے انکار کردیا، عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کے لیے 13 نومبر کو طلب کر لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہد سکندر نے ڈیفنس کار ٹکر سے چھ افراد ہلاک کیس میں کم عمر ملزم افنان کے دوستوں کو طلب کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، مدعی رفاقت علی نے موقف اختیار کیا کہ موقع پرملزم کے دوست بھی گاڑی میں موجود تھے انہیں بھی
شامل کرکے طلب کیا جائے اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
جوڈیشل ضلع کچہری نے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے 35 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کے مقدمے میں دو ملزمان فہیم اکرم اور نعیم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع کردی، عدالت نے ملزمان کو مزید چار روز کے لیے این سی سی آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے تین نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا، تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان اگست 2023 سے لیبلز بینک کے نام سے ویب سائٹ چلا رہے تھے اور مبینہ طور پر 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے، مقدمے میں مبینہ مالی فراڈ اور آن لائن فروخت کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
مسلم لیگ (ن) لائرز فورم پنجاب نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا الیکشن تاریخی مارجن سے جیتنے پر انڈیپنڈنٹ گروپ کی قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) لائرز فورم پنجاب کے صدر رانا ظفر اقبال ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدر ناصر چوہان ایڈووکیٹ اور ترجمان فائزہ عباسی ایڈووکیٹ نے انڈیپنڈنٹ گروپ کے قائدین اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کو مبارکباد دیتے ہوئے نومنتخب صدر سید امجد شاہ اور دیگر عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ فائزہ عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ کامیابی وکلا برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد اور آئینی و قانونی اصلاحات کی حمایت کا مظہر ہے۔ ناصر چوہان ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت وکلا برادری کو اصلاحات کے عمل میں اہم شراکت دار تصور کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ رانا ظفر اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کی وکلا کے حقوق کے لیے جدوجہد اور فلاحی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی اور حکومت و وکلا برادری کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔



