Businesslatest newssci&tech

ایلون مسک کی پیشگوئی: مستقبل میں پیسوں کی بچت بے معنی ہو جائے گی

دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے پیشگوئی کی ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور روبوٹکس میں تیز رفتار ترقی کے باعث مستقبل میں پیسوں کی بچت بے مقصد ہو جائے گی۔

ایک ایکس (سابق ٹوئٹر) پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ایلون مسک کا کہنا تھا کہ مشینیں مستقبل میں اس قدر زیادہ اشیا اور خدمات فراہم کرنے لگیں گی کہ لوگوں کو روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ان کے مطابق ایسی صورت میں ملازمت، آمدنی اور بچت سے متعلق لوگوں کے تصورات میں بڑی تبدیلی آئے گی اور مستقبل بعید میں پیسوں کی فکر بے معنی ہو جائے گی۔

ایلون مسک نے اس سے قبل جولائی 2026 میں ایک انٹرویو کے دوران بھی کہا تھا کہ 2036 تک دولت لوگوں کے لیے بے معنی ہو جائے گی کیونکہ اے آئی اور روبوٹس پیداواری عمل کو غیر معمولی حد تک بہتر بنا دیں گے۔

انہوں نے پیشگوئی کی کہ آئندہ پانچ برسوں میں مصنوعی ذہانت انسانی ذہانت سے آگے نکل جائے گی اور مختلف شعبوں میں انسانی صلاحیتوں کو پیچھے چھوڑ دے گی۔

ایلون مسک کے مطابق اے آئی انسانی تاریخ کو تبدیل کرنے والی اہم ترین ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہے۔ اس کی مدد سے اشیا کی تیاری آسان اور خدمات سستی ہوں گی جبکہ ان کی دستیابی میں بھی اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان نما روبوٹس اور ذہین مشینیں مستقبل میں ایسے کام انجام دے سکیں گی جو اس وقت انسان کرتے ہیں، جس سے مختلف صنعتوں میں پیداواری لاگت کم اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ ایلون مسک کی مستقبل سے متعلق پیشگوئیاں ہیں، جن کا عملی طور پر درست ثابت ہونا ابھی باقی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button