ایرانی ہدایت کار جعفر پناہی کو 5 سال قید کی سزا
اثاثے ضبط کرنے، 2 سال بیرون ملک سفر اور سوشل میڈیا سرگرمیوں پر پابندی کا حکم

ایرانی خبر رساں ادارے نے جعفر پناہی کے وکیل کے حوالے سے بتایا کہ عدالت نے ان کے تمام اثاثے ضبط کرنے کے علاوہ 2 سال تک ملک چھوڑنے اور سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی بھی عائد کردی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے نے ان پر عائد الزامات کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
66 سالہ جعفر پناہی ایرانی حکومت پر تنقید کے باعث ماضی میں بھی کئی مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔ 2025 میں بھی انہیں نظام کے خلاف پروپیگنڈا سرگرمیوں کے الزام میں ان کی غیر موجودگی میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم وہ رواں سال مارچ میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران واپس آگئے تھے۔
جعفر پناہی کا شمار ایران کے نمایاں ترین ہدایت کاروں میں ہوتا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران انہیں بارہا جیل بھیجا گیا، بیرون ملک سفر سے روکا گیا اور گھر میں نظر بند رکھا گیا، لیکن وہ فلم سازی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کی تازہ ترین فلم It Was Just an Accident نے 2025 کے کانز فلمی میلے میں سب سے بڑا اعزاز پام ڈی اور حاصل کیا۔ یہ فلم انہوں نے ایران میں خفیہ طور پر بنائی تھی۔ اس سے قبل وہ فلم کی تیاری کے سلسلے میں سات ماہ جیل میں بھی رہے، جہاں 2023 میں بھوک ہڑتال کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔
جعفر پناہی کی فلم Taxi نے 2015 میں برلن فلمی میلے کا اعلیٰ ترین اعزاز گولڈن بیئر جیتا، جبکہ ان کی فلم The Circle نے 2000 میں وینس فلمی میلے کا اعلیٰ ترین ایوارڈ گولڈن لائن حاصل کیا تھا۔
وہ دنیا کے ان چند ہدایت کاروں میں شامل ہیں جنہوں نے یورپ کے تین بڑے فلمی میلوں، کانز، برلن اور وینس، کے اعلیٰ ترین اعزازات جیتے ہیں۔ ان کی فلموں کو عالمی سطح پر متعدد دیگر ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔



