ہاکی لیجنڈ شہباز احمد سینئر کا سیاست میں آنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کھلاڑی شہباز احمد سینئر نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز احمد سینئر جلد سیاست میں شمولیت کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔ وہ آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے انتخابی میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
شہباز احمد سینئر کا شمار پاکستان سمیت دنیا کے بہترین ہاکی فارورڈز میں ہوتا ہے۔ اپنی غیر معمولی تیز رفتاری، شاندار ڈربلنگ اور حیران کن باڈی ڈاج کے باعث انہیں ’میراڈونا آف ہاکی‘ اور ’مین ود الیکٹرک ہیل‘ جیسے القابات سے نوازا گیا۔
انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 92 گول کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 1994 میں آخری بار ہاکی ورلڈ کپ جیتا تھا۔ وہ مسلسل دو ہاکی ورلڈ کپ، 1990 اور 1994، میں مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
شہباز احمد سینئر کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔



