latest newsPoliticsWorld

اسرائیلی انتخابات: نیتن یاہو کا اتحاد سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام

90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل، لیکود 26 نشستوں کے ساتھ سرفہرست، عرب جماعتوں کو 19 نشستیں ملنے کا امکان

اسرائیل میں عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم نیتن یاہو کا اتحاد سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

120 رکنی اسرائیلی پارلیمان میں نیتن یاہو کے اتحاد کو 53 جبکہ اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کے اتحاد کو 48 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ عرب جماعتوں قائمہ المشترکہ کو 12 اور قائمہ العربیہ کو 7 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔

نیتن یاہو کی لیکود پارٹی 26 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، تاہم ان کے دو شدت پسند اتحادیوں اتمار بن گویر اور بیزلیل سموٹرچ کی جماعتوں کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ گزشتہ پارلیمان میں دونوں جماعتوں کی مجموعی طور پر 20 نشستیں تھیں، جبکہ اس بار ان کی مشترکہ نشستوں کی تعداد کم ہو کر 13 رہ گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی بھرپور حمایت کی تھی۔

اپوزیشن اتحاد میں سابق اسرائیلی آرمی چیف گادی آئزن کوٹ کی نئی جماعت یاشار پارٹی نے 21 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ یائر لیپڈ اور سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی جماعتوں کو مجموعی طور پر 12 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

اسرائیل میں انتخابات کے لیے متناسب نمائندگی کا نظام رائج ہے۔ پورا ملک ایک انتخابی حلقہ تصور ہوتا ہے اور ہر جماعت اپنی ترجیحی فہرست جاری کرتی ہے۔ ووٹر امیدوار کے بجائے جماعت کو ووٹ دیتے ہیں اور حاصل کردہ ووٹوں کے تناسب سے نشستیں تقسیم کی جاتی ہیں۔

انتخابات میں ووٹنگ کا تناسب 78 فیصد رہا۔ اسرائیل میں مقیم عرب شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے، جس کے نتیجے میں عرب جماعتوں کو مجموعی طور پر 19 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ کامیابی پر عرب علاقوں میں جشن منایا گیا، تاہم دونوں بڑے سیاسی اتحاد عرب جماعتوں کو اپنی مخلوط حکومت میں شامل کرنے کے حامی نہیں ہیں۔

ماضی میں صرف نفتالی بینیٹ نے 2021 میں اپنی حکومت میں عرب جماعتوں کو شامل کیا تھا۔ موجودہ انتخابات کے بعد دونوں بڑے اتحادوں میں اختلافات کے باوجود نئی حکومت کی تشکیل ممکن ہے، تاہم اپوزیشن اتحاد کے رہنما گادی آئزن کوٹ نے واضح کیا ہے کہ عوامی مینڈیٹ نیتن یاہو کے خلاف ہے۔

گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی فوج کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی مزید جرات نہ کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button