entertanmentlatest newsShowbiz

رسل برانڈ کا عدالت میں بیان، دستاویزی فلم نے زندگی تباہ کر دی

جنسی جرائم کے الزامات مسترد، دوستوں اور ساتھیوں کے منہ موڑنے پر شدید صدمہ پہنچا، برطانوی اداکار

لندن: برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ نے آج عدالت میں بیان دیا ہے کہ ان کے رویے سے متعلق الزامات پر مبنی دستاویزی فلم نے ان کی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب کیے اور دوستوں و ساتھیوں نے بھی ان سے منہ موڑ لیا۔

رسل برانڈ پر 1999 سے 2009 کے دوران 6 خواتین سے متعلق زیادتی کے 3، جنسی حملے کے 3 اور غیر اخلاقی حملے کی کوشش کا ایک الزام عائد ہے۔ وہ ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے تیسرے ہفتے گواہی دیتے ہوئے رسل برانڈ نے اپنے وکیل کے سوال پر واضح طور پر کہا کہ انہوں نے مبینہ جرائم میں سے کوئی جرم نہیں کیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ 2023 میں ان کے بارے میں دستاویزی فلم نشر ہونے اور اخبارات میں دیگر خواتین کے گمنام الزامات شائع ہونے کے بعد تمام مدعی خواتین نے پولیس سے رابطہ کیا تھا۔ ان دیگر خواتین کے الزامات موجودہ مقدمے کا حصہ نہیں ہیں۔

وکیل ایان ونٹر نے جب ان سے پوچھا کہ دستاویزی فلم کے بعد دوستوں کے رویے میں تبدیلی نے ان پر کیا اثر ڈالا تو رسل برانڈ نے جواب دیا، ’’یہ تباہ کن تھا۔‘‘

وکیل نے یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ اپنے حق میں گواہی دینے کے لیے کسی دوست یا واقف کار کو عدالت آنے پر آمادہ کر سکے ہیں؟ اس پر اداکار نے نفی میں جواب دیا۔

جب وکیل نے پوچھا کہ کیا اب لوگ ان کے قریب آنے سے بھی گریز کریں گے تو رسل برانڈ نے کہا، ’’ہاں، کوئی بھی میرے قریب نہیں آئے گا۔‘‘

رسل برانڈ ماضی میں برطانوی ٹیلی وژن کی معروف شخصیت رہے ہیں اور ہالی وڈ کی متعدد فلموں میں بھی اداکاری کر چکے ہیں۔ وہ امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے سابق شوہر ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button