latest newsWorld

پاکستان نے تائیوانی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دیں

چین کی ون چائنا پالیسی کی حمایت، پروازوں کے راستے تبدیل؛ ایندھن کے اخراجات اور دورانیے میں اضافے کا امکان

پاکستان نے چین کی ’ون چائنا پالیسی‘ کی حمایت کرتے ہوئے تائیوان کی دو بڑی ایئرلائنز، چائنا ایئرلائنز اور ایوا ایئر، کے لیے اپنی فضائی حدود کا استعمال بند کر دیا ہے۔

بلومبرگ نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان کا ایوی ایشن ڈویژن ون چائنا پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت صرف مین لینڈ چین کی ایئرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

فلائٹ ریڈار 24 کے اعداد و شمار کے مطابق دونوں تائیوانی ایئرلائنز نے گزشتہ اختتام ہفتہ سے اپنے فضائی راستے تبدیل کرنا شروع کیے اور 25 اکتوبر کی صبح سے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال ترک کر دیا۔ اس سے قبل 24 اکتوبر کو دونوں ایئرلائنز کی 14 پروازوں نے پاکستان کے اوپر سے سفر کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، اتوار کے بعد سے ایشیا اور یورپ کے درمیان ان کی کم از کم 12 پروازوں نے روسی فضائی حدود استعمال کیں۔ یوکرین جنگ کے بعد تائیوانی ایئرلائنز بھی دیگر کئی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی طرح روسی فضائی حدود سے گریز کرتی رہی ہیں، تاہم تائیوان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی ایئرلائنز کو روس کے اوپر سے پرواز کرنے سے کبھی نہیں روکا۔

بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی یہ پابندی مین لینڈ چین کی پالیسی سے بھی زیادہ سخت ہے، کیونکہ چین تائیوانی ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ چائنا ایئرلائنز، ایوا ایئر اور تائیوان کی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث تائیوانی ایئرلائنز کو ایشیا اور یورپ کے درمیان پروازوں کے لیے متبادل اور طویل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے سفر کے دورانیے میں کئی گھنٹے اضافے اور جیٹ فیول کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے۔ اس تبدیلی سے دونوں ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات اور مالی معاملات متاثر ہو سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button