نئے صوبوں کے قیام پر بحث بند ہونی چاہیے، بلاول بھٹو
سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی، وفاق نے 28ویں ترمیم پر پیپلز پارٹی سے رابطہ نہیں کیا، چیئرمین پیپلز پارٹی

کراچی کے تاریخی ڈاکٹر کیخسرو نانابھائے اسپنسر آئی اسپتال کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی پہلے ہی صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
بلاول بھٹو نے بظاہر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی کی نمائندگی کرنے والے افراد وفاقی حکومت میں عہدے رکھنے کے باوجود شہر کے لیے کچھ نہیں کرسکے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 31 جولائی کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے اور اسے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے ذریعے ازسرنو ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد حکومتی اتحاد کے بعض رہنماؤں نے اس تجویز کی حمایت جبکہ بعض نے مخالفت کی تھی۔
بعدازاں 4 ستمبر کو سندھ اسمبلی نے صوبے کی تقسیم یا نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی کوششوں کو مسترد کرنے کی قرارداد منظور کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی صوبے کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
قرارداد میں ایسے تمام منصوبوں، تجاویز اور آئینی انتظامات کو مسترد کیا گیا جن کے ذریعے سندھ کو تقسیم کرنے، اس کی موجودہ جغرافیائی حدود تبدیل کرنے یا اس کے کسی حصے پر نیا صوبہ بنانے کی کوشش کی جائے۔
محسن نقوی نے 6 ستمبر کو ایک بار پھر پاکستان کے انتظامی نظام کی ازسرنو تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوامی خدمات کی فراہمی میں طویل عرصے سے موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے نئے انتظامی یونٹس قائم کرنا ضروری ہے۔ 3 اکتوبر کو بھی انہوں نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کا نظام تبدیل ہونے والا ہے اور اس سے پاکستان کے حالات بہتر ہوں گے۔



