پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا، ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے
کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، اسحاق ڈار؛ اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ استصوابِ رائے کرانے کا مطالبہ

27 اکتوبر 1947ء کو سری نگر میں بھارتی فوج کی آمد کے 79 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریبات میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔
دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک یکجہتی واک سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اٹھاتا رہے گا جب تک جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے تعین کا موقع نہیں مل جاتا۔
انہوں نے 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نئی دہلی مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مذہبی آزادیوں پر پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے کردار ادا کرے۔
ڈی چوک میں منعقدہ ایک الگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ہزاروں افراد کی شرکت کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار ہے۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ استصوابِ رائے کرانے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کے مختلف شہروں اور اضلاع میں بھی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے، جبکہ بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز نے بھی یومِ سیاہ کے حوالے سے تقریبات منعقد کیں۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی تقریب میں صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ اس موقع پر دستاویزی فلم اور تصویری نمائش کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال کو اجاگر کیا گیا۔
چین میں پاکستان کے سفیر نے بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔



