latest newsWorld

پاکستان اور چین کے درمیان اطلاعاتی راہداری کا افتتاح، میڈیا تعاون اور مستند خبروں کے تبادلے پر اتفاق

سی پیک کے بعد اب عوام کے ذہنوں کو جوڑنے کا مرحلہ ہے، عطاء اللہ تارڑ؛ منصوبے کے چار بنیادی ستون مقرر

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے دوطرفہ میڈیا تعاون بڑھانے، مستند خبروں کے تبادلے کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور (سی پی آئی سی) کا افتتاح کردیا۔

اسلام آباد میں افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دے گا اور تعاون کو روایتی بنیادی ڈھانچے سے آگے بڑھاتے ہوئے اطلاعات کے تبادلے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، تحقیق، کاروبار، ثقافت اور نوجوانوں کے روابط تک لے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے دونوں ممالک کے درمیان زمینی رابطے مضبوط کیے، جبکہ انفارمیشن کوریڈور کا مقصد عوام کے ذہنوں اور خیالات کو ایک دوسرے سے جوڑنا ہے۔ ان کے بقول، یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ انفارمیشن کوریڈور کے چار بنیادی ستون ہیں: میڈیا، کاروبار و تجارت، تھنک ٹینکس، اور ثقافت، سیاحت و نوجوانوں کے روابط۔

میڈیا کے شعبے میں پاکستان اور چین کے 18 میڈیا اداروں پر مشتمل نیوز ایکسچینج ورکنگ گروپ قائم ہے، جس میں سرکاری نشریاتی اداروں اور نجی ٹی وی چینلز سمیت مختلف تنظیمیں دوطرفہ تعاون سے متعلق مستند خبروں کا تبادلہ کررہی ہیں۔ اس کے ساتھ حقائق کی جانچ پڑتال کا ایک مخصوص نظام بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق معلومات کے تبادلے اور عوامی آگاہی کے لیے نیوز ایکسچینج، فیکٹ چیکنگ، تجارتی پورٹلز، پوڈکاسٹس، سوشل میڈیا چینلز اور نوجوانوں کے سفیروں سے بھی مدد لی جائے گی۔

کاروبار اور تجارت کے شعبے میں کراچی میں منصوبے کا پہلا علاقائی دفتر کھول دیا گیا ہے، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی معلومات کے لیے ایک تجارتی پورٹل تیار کیا جارہا ہے۔ دونوں ممالک کے کاروباری افراد کی کامیابیوں اور تجربات کو اجاگر کرنے کے لیے پوڈکاسٹ سیریز بھی شروع کرنے کی تیاری ہے۔

تھنک ٹینکس کے شعبے میں پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کی قیادت میں تحقیقی ادارے مشترکہ مکالمے، تحقیق اور اشاعتوں کے ذریعے چینی اداروں کے ساتھ تعاون کریں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ثقافت، سیاحت اور نوجوانوں کے روابط کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان سیاحتی راہداری پر کام جاری ہے، جس کا مقصد چینی سیاحوں کے شمالی پاکستان کے خوبصورت علاقوں تک سفر کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دوستی ریلی بھی منعقد کی جائے گی۔

عطاء اللہ تارڑ نے چینی میڈیا اداروں، جامعات، تحقیقی مراکز، کاروباری اداروں اور نوجوان سفیروں کو انفارمیشن کوریڈور کے چاروں شعبوں میں شراکت داری کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’باٹیے‘‘ کی اصطلاح دونوں ممالک کے مضبوط اور فولادی دوستی کے رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button