Businesslatest news

بینکوں کے لیے مشکوک نقد لین دین کی رپورٹنگ کی حد 30 لاکھ روپے مقرر

حکومت کا کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹ کی حد میں 50 فیصد اضافہ، سمندری قزاقی کو منی لانڈرنگ کا بنیادی جرم قرار دے دیا گیا

اسلام آباد: حکومت نے انسدادِ منی لانڈرنگ قوانین کے تحت بینکوں کے لیے کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹ (سی ٹی آر) جمع کرانے کی حد 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کردی ہے، جس سے اس حد میں 50 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

یہ فیصلہ انسدادِ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق قومی ایگزیکٹو کمیٹی (این ای سی) نے کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی مالیاتی نظام میں شفافیت اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کی ذمہ دار ہے۔

سی ٹی آر اس وقت جمع کرائی جاتی ہے جب نقد لین دین مقررہ حد کے برابر یا اس سے زیادہ ہو۔ اس کے برعکس مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹ (ایس ٹی آر) اس وقت متعلقہ حکام کو ارسال کی جاتی ہے جب کسی لین دین یا سرگرمی میں منی لانڈرنگ یا دہشت گردی کی مالی معاونت کا شبہ ہو۔

کمیٹی نے پاکستان میری ٹائم زونز ایکٹ 2023 کی دفعہ 28 کو انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ کے شیڈول اوّل میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی، جس کے نتیجے میں سمندری قزاقی کو منی لانڈرنگ کا بنیادی جرم قرار دے دیا گیا ہے۔

اس دفعہ کے تحت نجی جہاز یا طیارے کے عملے یا مسافروں کی جانب سے ذاتی مقاصد کے لیے دوسرے جہاز، طیارے، افراد یا املاک کے خلاف غیر قانونی تشدد، حراست یا لوٹ مار جیسے اقدامات سمندری قزاقی میں شمار ہوتے ہیں۔

این ای سی نے پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی اے آر اے) کو بھی انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ کے شیڈول چہارم میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ اس اقدام سے اتھارٹی کو مجازی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں انسدادِ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق ضابطہ جاتی ذمہ داریاں ادا کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

قانون کے تحت اسٹیٹ بینک کا مالیاتی نگرانی یونٹ (ایف ایم یو) متعلقہ اداروں سے سی ٹی آر اور ایس ٹی آر وصول کرتا، ان کا تجزیہ کرتا اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ لین دین کا مکمل ریکارڈ طلب کرسکتا ہے۔ اداروں اور افراد کے لیے مطلوبہ معلومات فراہم کرنا لازم ہے، تاکہ یونٹ اپنی تجزیاتی رپورٹس متعلقہ تحقیقاتی اور استغاثہ کے اداروں یا دوسرے ممالک کے مالیاتی انٹیلی جنس یونٹس کے ساتھ خفیہ طور پر شیئر کرسکے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد، پاکستان کے انسدادِ منی لانڈرنگ نظام کی پیش رفت، ایف ایم یو کی کارکردگی، ادارہ جاتی استعداد اور مصنوعی ذہانت و مشین لرننگ کے استعمال سے متعلق اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور فیصلوں پر بروقت عمل درآمد پر زور دیا۔ انہوں نے ایف ایم یو کی تجزیاتی اور عملی صلاحیت بڑھانے کے لیے واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے تعین کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button