پاکستان میں 29 ریئٹ اسکیموں کے اثاثوں کا حجم 173 ارب روپے سے تجاوز کرگیا
ایس ای سی پی کے ٹاک سیشن میں شفاف ویلیوایشن، بہتر گورننس اور ٹیکس قوانین آسان بنانے پر زور

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ٹاک سیریز سیشن میں مقررین نے بتایا کہ مارچ 2026 تک ملک میں 29 ریئٹ اسکیمیں رجسٹرڈ تھیں، جن کے مجموعی فنڈز کا حجم دسمبر 2025 میں 173.1 ارب روپے رہا۔ اس کے مقابلے میں 2024 کے اختتام پر عالمی سطح پر 1,021 لسٹڈ ریئٹس کی مجموعی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 2.04 ٹریلین ڈالر تھی۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر امتیاز حیدر نے کہا کہ ریئٹس موٹرویز، پلوں، انرجی پارکس اور لاجسٹکس مراکز سمیت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سرکاری اثاثوں کی قدر سے فائدہ اٹھانے اور ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے بھی اس نظام کے استعمال پر غور کرنے کی تجویز دی۔
آئی ایس ای ریئٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین زاہد لطیف خان نے 5.67 ارب روپے کے آئی ایس ای ٹاورز رینٹل ریئٹ کو مقامی مثال کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں رینٹل، ڈویلپمنٹ، ہائبرڈ اور پارکنگ ریئٹس کے ممکنہ مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔
عارف حبیب ڈولمین ریئٹ مینجمنٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو محمد اعجاز نے ڈولمین سٹی ریئٹ اور گلوب ریزیڈنسی ریئٹ کی مثالیں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 30 ستمبر 2026 تک ان کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 86.88 ارب روپے تھی، جبکہ دونوں منصوبوں میں جائیدادوں کے استعمال کی شرح 97 فیصد سے زیادہ رہی۔
انہوں نے شعبے کی ترقی کے لیے جائیدادوں کی منتقلی پر عائد ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کو معقول بنانے اور سرمایہ کاری کی حدود پر نظرثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مقررین نے واضح کیا کہ ریئٹس سے حاصل ہونے والے منافع اور سرمایہ نکالنے کی سہولت کی ضمانت نہیں ہوتی، کیونکہ ان کا انحصار متعلقہ اثاثوں، اسکیم کی ساخت اور مارکیٹ کے حالات پر ہوتا ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے آزادانہ ویلیوایشن، ٹرسٹی کی نگرانی، واضح معلومات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں میں آگاہی کو ناگزیر قرار دیا گیا۔



