PakistanPoliticsWorld

تاریخی شاہی مسجد مسمار کرنے کی مبینہ کوشش ناکام، سیکڑوں مسلمان احتجاجاً مسجد میں بیٹھ گئے

اجین: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں تقریباً 600 سال قدیم شاہی مسجد کو مسمار کرنے کی مبینہ کوشش کے خلاف سیکڑوں مسلمان مسجد کے اندر جمع ہوکر احتجاج کرنے لگے۔ مقامی رپورٹس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں رات گئے بلڈوزر پہنچائے گئے، تاہم لوگوں کی مزاحمت کے بعد کارروائی روک دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق 2028 میں ہونے والے ہندو مذہبی میلے سمہاستھا کمبھ کی تیاریوں کے تحت سڑک کو 15 میٹر تک چوڑا کرنے کے منصوبے میں شاہی مسجد کے ایک حصے کو ہٹانے کی تجویز ہے۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے بھی 9 ستمبر 2026 کو مسجد کے متنازع حصے کو ہٹانے سے متعلق شہری انتظامیہ کی کارروائی کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

مقامی مسلمانوں کے مطابق وہ گزشتہ دو ہفتوں سے مسجد کو مسمار کیے جانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد کے تحفظ کے لیے لوگوں نے شفٹوں میں بڑی تعداد میں مسجد کے اندر موجود رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پولیس کی نفری بڑھائی گئی اور ریپڈ ایکشن فورس بھی تعینات کی گئی۔ مسجد کے قریب بلڈوزر پہنچنے کے بعد بڑی تعداد میں افراد مسجد کے اندر اور باہر جمع ہوگئے، جس کے بعد انتظامیہ کو کارروائی مؤخر کرنا پڑی۔

دوسری جانب اجین میں سمہاستھا کمبھ 2028 کے پیش نظر مختلف سڑکوں کی چوڑائی بڑھانے کا کام بھی شروع ہوچکا ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد متوقع بڑی تعداد میں زائرین اور ٹریفک کے انتظام کو بہتر بنانا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button