سلویسٹر اسٹالون نے جنگوں کو بے وقوفی قرار دے دیا، ’’جنگ دونوں فریقوں کو تباہ کر دیتی ہے‘‘

ہالی وڈ: معروف امریکی اداکار سلویسٹر اسٹالون نے جنگوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تباہ کن اور بے مقصد قرار دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں 80 سالہ اداکار نے اپنی مشہور فلم ’’ریمبو‘‘ کے تناظر میں جنگ کے بارے میں اپنی سوچ میں آنے والی تبدیلی پر گفتگو کی۔
سلویسٹر اسٹالون نے کہا کہ آج وہ سمجھتے ہیں کہ جنگیں دونوں فریقوں کو تباہ کرتی ہیں، جبکہ نوجوان فوجی اپنی جانیں اور جسمانی صلاحیتیں کھو دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی پر حملہ ہو تو اسے اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم مجموعی طور پر جنگ کے نتائج انتہائی تباہ کن ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق جنگوں کے بعد دشمنیاں نسلوں تک جاری رہتی ہیں، ممالک تباہ ہوتے ہیں اور سرحدیں دوبارہ کھینچی جاتی ہیں، تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ سب آخر کس مقصد کے لیے ہوتا ہے؟
اداکار نے کہا کہ جنگیں اکثر جنگی اداروں اور ہتھیار بنانے والی صنعتوں کے لیے بڑے مالی مفادات کا ذریعہ بن جاتی ہیں، جبکہ جنگ کا اصل بوجھ نوجوان فوجیوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے زخمی اور معذور ہو کر واپس آنے والے فوجیوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے جنگی نظام پر سخت تنقید کی۔
سلویسٹر اسٹالون نے اعتراف کیا کہ ایک زمانے میں وہ جنگ کے پُرجوش حامی تھے، تاہم بعد میں ان کی سوچ تبدیل ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کو قریب سے سمجھنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ یہ انتہائی سفاک اور خوفناک عمل ہے اور اس میں کوئی حقیقی شان یا بہادری نہیں۔
’ریمبو‘ سیریز میں جنگ اور فوجی کرداروں کے حوالے سے اداکار کی وابستگی کے تناظر میں ان کے حالیہ خیالات کو ان کے فکری سفر میں تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



