چین کا خلیجی ممالک کی خودمختاری کے احترام اور کیوبا پر پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

چین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مشرق وسطیٰ، خصوصاً خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے احترام پر زور دیتے ہوئے کیوبا کے خلاف دھمکیوں اور پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
چینی نائب صدر ہان ژینگ نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ بڑی طاقتوں پر عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کی خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور انہیں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری میں مثال قائم کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک، بالخصوص خلیجی ریاستوں کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے۔
ہان ژینگ نے کیوبا کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ملک کو کیوبا کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکی فوری طور پر روکنی چاہیے اور اس پر عائد پابندیاں اور ناکہ بندی ختم کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام ریاستیں، خواہ بڑی ہوں یا چھوٹی، عالمی برادری کی برابر کی رکن ہیں اور عالمی معاملات تمام ممالک کی مشاورت سے طے کیے جانے چاہئیں۔
چینی نائب صدر کے خطاب کے چند گھنٹے بعد روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کیوبا کے خلاف تجارتی پابندیاں ختم کرنے اور اسے دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی فہرست سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔



