پینٹاگون کے سائبر حملے میں 40 لاکھ فوجی اہلکاروں کا ڈیٹا متاثر ہونے کا دعویٰ

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ہیومن ریسورس سسٹم پر سائبر حملے کے نتیجے میں لاکھوں موجودہ اور سابق فوجی اہلکاروں کی ذاتی معلومات، بشمول سوشل سکیورٹی نمبرز، افشا ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکی ویب سائٹ ملٹری ٹائمز کے مطابق محکمہ دفاع کے تقریباً 40 لاکھ اہلکار اس ڈیٹا چوری سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ’غیر مجاز صارفین‘ نے گزشتہ اکتوبر سے پینٹاگون کے ڈیفنس مین پاور ڈیٹا سینٹر کے ایک کمزور کمپیوٹر سرور تک رسائی حاصل کر رکھی تھی، جبکہ پینٹاگون کو اس کا علم رواں سال جولائی میں ہوا، جس کے بعد سکیورٹی خامی کو دور کردیا گیا۔
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ فی الحال ایسی کوئی علامت نہیں ملی کہ چوری ہونے والے ڈیٹا کا غلط استعمال کیا گیا ہو۔
تاہم ماہرین کے مطابق فوجی اہلکاروں کی ذاتی معلومات غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہیں، جبکہ سائبر کرائم سے وابستہ افراد انہیں بلیک میلنگ کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔



