مائیکروسافٹ کا خلیجی ممالک میں 2030 تک 10 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا منصوبہ

مائیکروسافٹ نے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور کویت میں 2030 تک 10 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے، جس میں کلاؤڈ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع بھی شامل ہے۔
مائیکروسافٹ کے وائس چیئرمین اور صدر بریڈ اسمتھ نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ سرمایہ کاری خطے میں انفراسٹرکچر کی توسیع اور کمپنی کی سرگرمیوں میں اضافے کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے باوجود مائیکروسافٹ خطے میں اپنی منصوبہ بند سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے اور اس میں مزید اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔
بریڈ اسمتھ کے مطابق کمپنی خلیجی ممالک میں ڈیجیٹل لچک، اہم ڈیٹا کے تحفظ اور سائبر و ڈیجیٹل نظام کی تیاری کے لیے مقامی شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
مائیکروسافٹ 2030 تک مشرق وسطیٰ میں زیرِ سمندر اور زمینی رابطوں کے نظام پر بھی 40 کروڑ ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کرے گا۔
کمپنی نے ابوظہبی کی اے آئی کمپنی G42 کے ساتھ شراکت داری بھی مزید مضبوط کی ہے، جس میں مائیکروسافٹ نے 2024 میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے اقلیتی حصص حاصل کیے تھے۔
بریڈ اسمتھ نے بتایا کہ مائیکروسافٹ سعودی عرب کی Humain اور قطر کی Qai کے ساتھ بھی ان کی ترجیحی شعبوں میں منتخب منصوبوں پر کام کر رہا ہے، تاہم ان کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا ارادہ نہیں۔



