دھی رانی پروگرام کے تحت 5 ہزار اجتماعی شادیوں کی تیاریاں، ہمت کارڈ پروگرام کا بھی جائزہ

لاہور (شیخ طاہر علی): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی زیرصدارت محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کا اہم اجلاس ہوا، جس میں دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ اور اسسٹیو ڈیوائسز و وہیل چیئر پروگرامز سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں دھی رانی پروگرام کے تحت رواں سال 5 ہزار اجتماعی شادیوں کے لیے موصول درخواستوں کی تصدیق، مستحقین کے انتخاب اور تقریبات کے انتظامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے تاکہ حقیقی مستحق خاندان ہی پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دھی رانی پروگرام کے مستحقین کے پنجاب بینک کے ذریعے اے ٹی ایم کارڈز بروقت تیار کیے جائیں تاکہ انہیں کیش سلامی کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صوبائی وزیر نے موبائل ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں کی بنیاد پر دھی رانی پروگرام کی آئندہ تقریبات بھی شفاف اور میرٹ پر منعقد کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ہمت کارڈ کے بجٹ اور پروگرام سے متعلق دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ افراد باہم معذوری کو ہمت کارڈ کے حصول اور اس سے منسلک سہولیات کے دوران پیش آنے والے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔



