خیبرپختونخوا میں سابق فاٹا اور پاٹا کی صنعتیں سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سابق فاٹا اور پاٹا میں قائم صنعتی یونٹس کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا۔
خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے سیلز ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے صنعتی یونٹ کا سابق فاٹا یا پاٹا کے علاقوں میں قائم ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ صنعتی یونٹ کا ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہونا بھی ضروری ہوگا، جبکہ ورچوئل یا ریموٹ ذرائع سے فراہم کی جانے والی خدمات سیلز ٹیکس استثنیٰ میں شامل نہیں ہوں گی۔
کے پی ریونیو اتھارٹی کے مطابق مقررہ شرائط پوری نہ ہونے یا غلط معلومات فراہم کیے جانے کی صورت میں سیلز ٹیکس استثنیٰ واپس لیا جاسکے گا۔
نوٹیفکیشن کے تحت سیلز ٹیکس استثنیٰ کا اطلاق یکم اگست 2026 سے ہوگا اور یہ 30 جون 2028 تک مؤثر رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ استثنیٰ کے نفاذ سے قبل جمع کرائے گئے ٹیکس کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ کا دعویٰ نہیں کیا جاسکے گا۔



