پاک فوج کا فتح ٹو توسیع شدہ رینج میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک فوج نے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ’فتح ٹو‘ کے توسیع شدہ رینج (ای آر) ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایونکس سے لیس ہے، جبکہ یہ دورانِ پرواز اپنا راستہ اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے اور انتہائی درستگی کے ساتھ مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل کی رینج میں اضافے سے پاک فوج کی آپریشنل رسائی اور دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔
تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت، لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔



