ایلون مسک ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے سب سے بڑے مالی معاون بن گئے

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک امریکی وسط مدتی انتخابات کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے سب سے بڑے مالی معاون بن گئے ہیں۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 سے شروع ہونے والی انتخابی مہم کے دوران ریپبلکن پارٹی کے لیے ایلون مسک کی مالی معاونت تقریباً 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ وہ رواں سال جولائی سے اب تک 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد عطیہ کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان عطیات کا بنیادی مقصد کانگریس میں ریپبلکن پارٹی کی اکثریت برقرار رکھنے میں مدد دینا ہے۔ مسک کی جانب سے بھاری مالی معاونت کے باعث ریپبلکن پارٹی کی مالی برتری میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
اخبار کے مطابق رواں سال اگست کے اختتام تک ریپبلکن پارٹی کی کمیٹیوں اور صدر ٹرمپ کے سیاسی گروپ ’میگا اِنک‘ نے مجموعی طور پر 1.1 ارب ڈالر سے زائد رقم جمع کی تھی، جبکہ ڈیموکریٹس کے جمع کردہ عطیات تقریباً 60 کروڑ ڈالر تھے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ایلون مسک کے بھاری عطیات کی تفصیلات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب عوامی جائزوں میں صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں ریکارڈ کمی کے باعث ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی مہمات متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔



