پاکستان سے مطلوب ملزمان کے خلاف 7 ماہ میں 286 ریڈ نوٹس جاری، 53 اشتہاری گرفتار

اسلام آباد: انٹرپول کے نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی) پاکستان نے گزشتہ 7 ماہ کے دوران قتل، فراڈ، دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ سمیت سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کے خلاف 286 ریڈ نوٹس جاری کیے۔
ڈی جی ایف آئی اے اور این سی بی انٹرپول پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 290 انٹرپول نوٹس جاری کیے گئے، جن میں 286 ریڈ، 2 بلیو اور 2 یلو نوٹس شامل ہیں۔
جاری کیے گئے 286 ریڈ نوٹس میں سے 225 قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب ملزمان کے خلاف تھے، جبکہ 33 نوٹس اغوا، کرپشن، ڈکیتی اور سائبر کرائمز میں مطلوب افراد کیلئے جاری کیے گئے۔
اسی عرصے میں مالی فراڈ اور دھوکا دہی کے ملزمان کے خلاف 19، انسانی اسمگلنگ پر 6 اور دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب افراد کے خلاف 3 ریڈ نوٹس جاری کیے گئے۔
ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق بین الاقوامی تعاون کے نتیجے میں مختلف ممالک سے پاکستان میں سنگین جرائم میں مطلوب 53 مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے ملک واپس لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جرائم تیزی سے بین الاقوامی نوعیت اختیار کر رہے ہیں، جبکہ سائبر کرائم، مفرور ملزمان اور منظم جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیاں سرحدوں تک محدود نہیں رہیں۔ انٹرپول کا آئی 24/7 نظام مختلف ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کارروائی میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ این سی بی پاکستان دیگر ممالک کے انٹرپول بیوروز سے تحقیقات کیلئے معلومات حاصل کرتا اور پاکستانی جرائم سے متعلق ڈیٹا عالمی اداروں کے ساتھ شیئر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان اس عزم پر قائم ہے کہ کوئی مفرور ملزم بیرون ملک محفوظ پناہ گاہ حاصل نہ کرسکے۔



