کراچی ایک ہفتے کیلئے بند کریں، 27 ستمبر کے احتجاج میں سندھ کے عوام بھی شریک ہوں: سہیل آفریدی

کراچی: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سندھ کے عوام سے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو ایک ہفتے کیلئے بند کیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام اسلام آباد کے ڈی چوک آنے کے بجائے کراچی میں احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو عوام کا سمندر سڑکوں پر ہوگا اور ملک میں تبدیلی کی تاریخ رقم ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہیں تو اقتدار میں آ سکتے ہیں، ملک سے باہر جا سکتے ہیں یا دوبارہ وزیراعظم بن سکتے ہیں، لیکن انہوں نے کوئی ڈیل نہیں کی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ صدی میں ایک بار لیڈر پیدا ہوتا ہے۔
سہیل آفریدی نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے قافلے کا راستہ روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے سوال کیا کہ اگر سندھ کے وزرا ان کے ماتحت ہیں تو ان کی ہدایات پر عمل کیوں نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام بہادر اور مخلص ہیں لیکن بدقسمتی سے ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں ہیں جنہوں نے صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کے حقوق کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 30 سال تک سندھ میں پی ٹی آئی کو شکست دینا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے سیاسی خاندانوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عمران خان کی قیادت میں حکومت ہے اور وہ خود ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عام نوجوان ہیں۔



