
امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ریال ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا
تہران: امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے اور ایرانی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی قیمت 20 لاکھ ایرانی ریال سے بھی تجاوز کرگئی ہے، جس کے نتیجے میں ایرانی عوام کی قوت خرید مزید متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ سے قبل 20 لاکھ ایرانی ریال میں تقریباً 4 کلو ٹماٹر، آدھا کلو مرغی اور ایک لیٹر سے کچھ کم کھانے کا تیل خریدا جاسکتا تھا۔
تاہم موجودہ صورتحال میں اتنی ہی رقم سے ان اشیائے خورونوش کی آدھی مقدار بھی خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی اوسط قیمت میں 71 فیصد، مرغی کی قیمت میں 74 فیصد جبکہ کھانے کے تیل کی قیمت میں 177 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل کمی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے ملک میں مہنگائی اور عوام کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔



