ایشوریا رائے کو سلمان خان سے محفوظ رکھنے کے لیے باڈی گارڈ تعینات کیا گیا تھا، کیتن کرانڈے

کیتن کرانڈے نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں شوٹنگ سیٹ کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کو نہیں بتایا کہ وہ ایشوریا رائے کے باڈی گارڈ رہ چکے ہیں۔ تقریباً 20 سال قبل انہیں ایشوریا کو سلمان خان سے محفوظ رکھنے کے لیے ملازمت دی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ذمہ داری ایشوریا کو گھر سے شوٹنگ پر لے جانا، ان کے ساتھ گاڑی میں سفر کرنا اور شوٹنگ کے بعد انہیں بحفاظت گھر پہنچانا تھی۔
کیتن کرانڈے نے ایک فیشن شو کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ پروڈیوسر وکرم بھٹ کے منعقدہ شو میں وہ ایشوریا رائے کے ساتھ موجود تھے، جہاں شو کے اختتام پر ایشوریا اور سلمان خان کا آمنا سامنا ہوگیا۔ اس صورتحال کو دیکھ کر وہ سب خوفزدہ ہوگئے، تاہم اگلے ہی روز انہوں نے ملازمت چھوڑ دی۔
ملازمت چھوڑنے کی وجہ سے متعلق کیتن کرانڈے نے کہا کہ سلمان خان کے پاس شاید پستول ہوتی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نوکری باڈی بلڈنگ کیریئر میں رکاوٹ بن رہی تھی، جس کے باعث انہوں نے ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ 2002 میں ایشوریا رائے روہن سپی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کچھ نہ کہو‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جس میں ابھیشیک بچن بھی اداکاری کررہے تھے۔
کاویری بامزئی نے اپنی کتاب ’دی تھری خانز اینڈ دی ایمرجنس آف نیو انڈیا‘ میں لکھا ہے کہ سلمان خان اس بات کے سخت مخالف تھے کہ ایشوریا رائے ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم میں کام کریں۔



