latest newsPolitics

نئے صوبوں پر ن لیگ، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں پالیسی بیان دیں، پیپلزپارٹی

پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں سے واضح پالیسی بیان دینے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری منظور نے حکومتی وزرا کے بیانات کی مذمت کی اور کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر صرف پیپلزپارٹی نے اپنا پالیسی بیان دیا ہے، مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں نے تاحال مؤقف واضح نہیں کیا۔

چوہدری منظور نے کہا کہ بلاول بھٹو جوڑنے کی بات کررہے ہیں جبکہ آپ توڑنے کی، ایسا راستہ کھولا جا رہا ہے جو تباہی کی طرف لے جاسکتا ہے۔ طاقت سے ہر مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا اور طاقت کے ذریعے کیے گئے فیصلے دیرپا نہیں ہوتے۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر صدر، چیف جسٹس سپریم کورٹ یا کسی اور معاملے پر دو رائے ہوں تو کیا ریفرنڈم کرایا جائے گا؟

چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے آج پہلی بار بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لیا، وہ حکومت کی تشکیل کے وقت بھی عمران خان کو حکومت بنانے کا کہہ چکے ہیں۔ ہم حکومت کا حصہ نہیں بلکہ اتحادی ہونے کے باعث حکومت بنوائی، وزیراعظم آج استعفا دیں تو ہم حکومت سے الگ ہوجائیں گے۔

اس موقع پر ندیم افضل چن نے کہا کہ آج تک بلاول بھٹو کے سوا کسی قومی رہنما نے اپنی غلطی تسلیم نہیں کی، بلاول نے اپنی غلطی کا ازالہ کرنے کی بات بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا مقصد سیاسی جماعتوں کو کمزور کرنا ہے، پیپلزپارٹی کی وجہ سے آج سندھ میں کوئی سندھو دیش کی بات نہیں کرتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button