لاہور ہائی کورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر 23 نومبر سے نیا ترمیمی ججز روسٹر جاری کردیا گیا، 11 ڈویژن بینچ سول و فوجداری اپیلوں جبکہ 28 سنگل بینچ حکم امتناعی، ضمانت، اندراج مقدمہ سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت کریں گے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا جو 24 دسمبر تک نافذ العمل رہے گا،
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ تمام نوعیت کی اپیلوں، جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں بینچ بینکنگ و کمرشل اپیلوں، جسٹس فیصل زمان کی سربراہی میں بینچ سول اپیلوں جبکہ جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں بینچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں کی سماعت کرے گاش
جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں بینچ قتل سمیت فوجداری اپیلوں، جسٹس عاصم حفیظ کی سربراہی میں بینچ بینکنگ، کمپنی کیسز اور متعلقہ اپیلوں، جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں بینچ سول اپیلوں جبکہ جسٹس علی ضیاء باجوہ کی سربراہی میں بینچ نیب اور فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا،
جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں بینچ ٹیکس ریفرنسز اور بینکنگ اپیلوں، جسٹس وقار حیدر اعوان کی سربراہی میں بینچ سول اپیلوں جبکہ جسٹس جواد ظفر کی سربراہی میں بینچ منشیات اور فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
لاہور ہائیکورٹ ، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت 20 ملزمان کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر، جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 24 نومبر کو سماعت کرے گا، عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر سے بریتکے خلاف درخواست پر دلائل طلب کر رکھے ہیں، تمام ملزمان کو مغلپورہ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں بری کیا گیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی تعیناتی کے خلاف سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی گئی، اشبا کامران نے موقف اختیار کیا کہ سنگل بینچ نے وسیم مختار کی بطور چیئرمین نیپرا تعیناتی کا قانون کے مطابق جائزہ نہیں لیا، وسیم مختار کو ریٹائرمنٹ کے بعد چیئرمین نیپرا مقرر کیا گیا جبکہ ان کی تعیناتی نیپرا رولز ترمیمی ایکٹ 2021 کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ایکٹ کے سب سیکشن 3 اور سب سیکشن 5 کی بھی خلاف ورزی کی گئی،
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین کی مدت مکمل ہونے یا کنٹریکٹ ختم ہونے سے 90 روز قبل نئے چیئرمین کی تعیناتی ضروری تھی، تاہم سابق چیئرمین توفیق احمد فاروقی کی ریٹائرمنٹ سے قبل نئے چیئرمین کی تعیناتی نہیں کی گئی بلکہ سابق چیئرمین کی ریٹائرمنٹ کے 6 روز بعد وسیم مختار کو تعینات کیا گیا،استدعا ہے کہ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے وسیم مختار کی بطور چیئرمین نیپرا تعیناتی بھی کالعدم قرار دی جائے اور کیس کے حتمی فیصلے تک انہیں کام کرنے سے روکا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ ، لاپتہ خواتین کی بازیابی کا کیس سماعت کے لیے مقرر ، چیف جسٹس عالیہ نیلم سائلہ سلمیٰ بی بی کی درخواست پر24 نومبر کو سماعت کریں گی، عدالت میں پیش کی گئیلاہور پولیس کی گزشتہ رپورٹ کے مطابق 429 خواتین کی بازیابی تاحال باقی ہے۔ عدالت نے لاپتہ خواتین کی بازیابی کے معاملے پر آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم کو طلب کر رکھا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس سردار اکبر علی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے
منڈی بہاؤالدین کے تہرے قتل کیس میں سزائے موت پانے والے ملزمان ظہیر عباس، بنیامین، محمد اشرف عرف بگا اور عبدالروف کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا، فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ عینی شاہدین کے بیانات میں تضادات نے مقدمہ کو مشکوک بنا دیا جبکہ ملزمان کے خلاف اسلحہ برآمدگی بھی قابل اعتبار قرار نہیں دی جاسکتی، چاروں ملزمان کے نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھے بلکہ بعد ازاں ضمنی بیان کے ذریعے انہیں نامزد کیا گیا۔ استغاثہ ملزمان کے خلاف مقدمہ شک سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
جج اینٹی کرپشن عدالتمحمد جمیل نے جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کی فروخت کے مقدمہ میں چار ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن سے تفصیلی رپورٹ 25 نومبر کو طلب کرلی، ملزمان زمان اللہ، اعجاز احمد، مزمل نصیر اور نعیم عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے استفسار کیا کہ روزانہ خزانے میں کتنی کورٹ فیس جمع ہوتی ہے؟ عدالتوں میں کتنی کورٹ فیس استعمال ہوتی ہے اور اصلی و جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کے استعمال کا تناسب کیا ہے؟ عدالت نے اینٹی کرپشن سے یہ بھی رپورٹ طلب کی کہ جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کی پرنٹنگ، ترسیل اور فروخت کیسے کی جاتی رہی؟ محکمہ اینٹی کرپشن نے انچارج کاپی برانچ زمان اللہ، ریکارڈ اسٹور کیپر اعجاز احمد، پرنٹنگ پریس کے مالک محمد ندیم سمیت 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ مقدمہ میں الزام ہے کہ لاہور کی مختلف عدالتوں کے احاطوں میں جعلی کورٹ فیس ٹکٹ فروخت کئے جاتے رہے، جنہیں سیشن کورٹ، سول کورٹ اور ماڈل ٹاؤن کچہری سمیت مختلف عدالتوں میں مقدمات اور فیصلوں کی نقول کے لیے استعمال کیا گیا،
استغاثہ کے مطابق جعلی کورٹ فیس ٹکٹ تیار کرنے کے لیے باقاعدہ پرنٹنگ پریس قائم کیا گیا تھا، جعلی ٹکٹوں کے استعمال سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا جبکہ عدالتی نظام کی ساکھ اور سائلین کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں عدالتی حکم کے باوجود ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر انسپکٹر غلام رسول کو شوکاز نوٹس جاری کردیا،
عدالت نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں 25 نومبر تک جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت میں 28 نومبر تک توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل 9 مئی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی، عدالت نے پولیس کو مقدمہ کا چالان جلد مکمل کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔



