میکسیکو میں ایف بی آئی کے مطلوب ترین منشیات اسمگلروں میں شامل ’ایل چاپو اسیدرو‘ گرفتار

میکسیکو کے سیکیورٹی چیف نے ہفتے کی صبح گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کی رات کیے گئے آپریشن میں فوج اور نیشنل گارڈ کے اسپیشل فورسز اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ امریکی اور میکسیکن انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بھی رابطہ اور تعاون رہا۔
ایل چاپو اسیدرو ایف بی آئی کے 10 انتہائی مطلوب مفرور افراد کی فہرست میں شامل تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وہ اور اس کا جرائم پیشہ گروہ گزشتہ 20 برس سے بڑی مقدار میں ہیروئن، میتھم فیٹامین، کوکین اور چرس امریکا اسمگل کرنے میں ملوث رہے۔ اسے بیلٹران لیوا کارٹل کے اہم رہنماؤں میں شمار کیا جاتا تھا، جس کے مبینہ طور پر طاقتور سینالوا کارٹل کے لاس مایوس دھڑے سے اتحاد تھا۔
گرفتاری کے بعد ریاست سینالوا میں شدید تشدد اور جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ منشیات کے گروہوں نے مختلف علاقوں میں سڑکیں بند کرنے کے لیے گاڑیوں کو آگ لگا دی، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور کارٹل کے ارکان کے درمیان مسلح تصادم بھی ہوا۔ حکام کے مطابق قریبی علاقوں میں قائم رکاوٹیں ہٹانے کے لیے فورسز تعینات کردی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں گواسوے کے علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹروں کو زمینی اہداف پر فائرنگ کرتے دیکھا گیا، جبکہ شہری بیس بال میچ اور نائٹ مارکیٹ کے دوران خوف و ہراس کے باعث محفوظ مقامات پر پناہ لیتے نظر آئے۔
ایل چاپو اسیدرو کی گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب میکسیکو میں امریکی دباؤ کے تحت متعدد اہم منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام کی حکومت نے منشیات کے کارٹلوں کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کیے تو امریکا میکسیکو میں یکطرفہ فوجی کارروائی کرسکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس، امریکی محکمہ خارجہ اور ایف بی آئی نے گرفتاری کے حوالے سے فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔



