نئے صوبوں اور ریفرنڈم تنازع پر زرداری کی ڈار اور ایاز صادق سے ملاقات

ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال زیرِ بحث آئی۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر شیری رحمان بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب نئے صوبوں کے قیام اور اس حوالے سے مجوزہ آئینی ترامیم پر سیاسی بحث جاری ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے 31 جولائی کو موجودہ سیاسی نظام میں تبدیلی اور نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تھا، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی۔
سندھ اسمبلی نے اگست میں صوبے کی تقسیم کے کسی بھی ممکنہ اقدام کے خلاف قرارداد منظور کی تھی، جبکہ وزیر داخلہ اس کے بعد بھی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے رہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اکتوبر میں نئے صوبے کے معاملے پر بحث ختم کرنے پر زور دیا تھا اور 17 نومبر کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ سندھ کی زبردستی تقسیم خونریزی کا باعث بن سکتی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے بھی پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں سے رابطے کرکے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اہم قومی اور آئینی معاملات پر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے سینئر رہنماؤں پر مشتمل سیاسی رابطہ کمیٹی بنانے پر غور کر رہی ہے۔



