latest newsPakistan

سندھ میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد 149 ہوگئی، کراچی ایسٹ سرفہرست

کراچی: سندھ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد 149 ہو گئی، جن میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق کراچی کے ضلع ایسٹ سے ہے، جبکہ سی ٹی ڈی نے مزید 16 افراد کے نام فہرست میں شامل کرنے کی سفارش کردی ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق فورتھ شیڈول میں شامل 149 افراد میں سے 25 اس وقت جیل میں، 13 لاپتا جبکہ 6 افراد کا سراغ نہیں مل سکا۔

کراچی کے ضلع سینٹرل میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد 17، ایسٹ میں 32، ویسٹ میں 23، ساؤتھ میں 2، کورنگی میں 10، کیماڑی میں 4، سٹی میں 13 اور ملیر میں 4 ہے۔

سندھ کے دیگر اضلاع میں بدین 2، حیدرآباد 3، دادو 2، جیکب آباد 7، جامشورو 2، قمبر 5، کشمور 2، خیرپور 1، لاڑکانہ 6، نوشہرو فیروز 5، سانگھڑ 2، شکارپور 1، سکھر 5 اور سجاول میں ایک شخص فورتھ شیڈول میں شامل ہے۔

فورتھ شیڈول میں ایسے افراد کے نام شامل کیے جاتے ہیں جن پر دہشت گردی، دہشت گردوں کی سہولت کاری، فرقہ واریت پھیلانے یا کالعدم تنظیموں اور مشکوک عناصر سے روابط کا شبہ ہو۔ ان افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت پابندیاں عائد کی جاتی ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کی سفارش پر کسی شخص کا نام تین سال کے لیے فورتھ شیڈول میں شامل کرتا ہے، جبکہ سی ٹی ڈی ان افراد کی نگرانی اور سرویلنس کرتی ہے۔

فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو متعلقہ تھانے میں ہفتہ وار اور سی ٹی ڈی میں ماہانہ حاضری دینا ہوتی ہے۔ ان کی موبائل لوکیشن، نقل و حرکت اور روٹس کی نگرانی کی جاتی ہے، جبکہ سی ٹی ڈی اہلکار اچانک گھروں پر جا کر بھی ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہیں۔

ان افراد کو تھانے کی حدود سے باہر جانے، جنازے میں شرکت یا اسپتال جانے سے قبل متعلقہ تھانے کو اطلاع دینا ہوتی ہے، جبکہ جلسے جلوسوں اور بعض عوامی مقامات پر جانے پر بھی پابندیاں عائد ہوتی ہیں۔

فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹس، پاسپورٹ، کریڈٹ کارڈ اور اسلحہ لائسنس منجمد کیے جاسکتے ہیں، جبکہ جائیداد، گاڑی اور زمین کی خرید و فروخت اور بیرون ملک سفر پر بھی پابندیاں ہوتی ہیں۔

ملازمت یا تنخواہ کے لیے بینک اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے متعلقہ شخص کو ڈی آئی سی میں درخواست دینا ہوتی ہے، جسے محکمہ داخلہ بھیج دیا جاتا ہے اور اجازت ملنے کے بعد اکاؤنٹ سے رقم نکالنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق تھانے میں غیر حاضری یا پابندیوں کی خلاف ورزی پر 2025 میں 2 جبکہ 2026 میں 6 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے نام دوبارہ تین سال کے لیے فورتھ شیڈول میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button